سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر کے علاقے پیر مراد شاہ کالونی کے رہائشی مختلف برادریوں کے افراد نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت بشیر مہر، جاویدمیرانی ، وسیم منگی ودیگر نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کافی عرصے سے پیر مراد شاہ کالونی میں رہائش پذیر ہیں، مذکورہ جگہوں کے کاغذات بھی بنے ہوئے ہیں، ہم لوگ بلدیہ اعلیٰ کو پانی کے بلز بھی ادا کرتے ہیں جس کے دستاویزات ہمارے پاس موجود ہیں ، ہمارے گھر پیر مراد شاہ قبرستان کی حدود سے باہر ہونے کے باوجود میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ہمیں جگہیں خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں جوکہ نا انصافی ہے، ہم غریب محنت کش لوگ ہیں مزدوری کر کے اپنے گھر کا گذر بسر کرتے ہیں۔ بالا حکام سے اپیل ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی زیادتیوں کا نوٹس لے کر انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔