ٹھٹھہ (نامہ نگار) عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے کی خوشی میں پاکستان تحریک انصاف ضلع ٹھٹھہ کے درجنوں کارکنان نے ضلعی جنرل سکریٹری وقار احمد میمن، منور شاہ و دیگر کی قیادت میں مکلی سے پریس کلب ٹھٹھہ تک ریلی نکالی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے اور عمران خان کے پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے، کارکنان نے پریس کلب ٹھٹھہ کے مقام پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کا دن ایک تاریخی دن ہے اور اسے ملکی تاریخ میں سنہر ی حروف سے لکھا جائے گا کیوں کہ آج پاکستان کو حضرت قائد اعظم ؒ کے بعد عمران خان کی شکل میں ایک قائد ثانی ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر کی نظریں پاکستان قوم پر جمی ہیں اور عمران خان کی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ زندہ قومیں اپنی تاریخ خود رقم کرتی ہیں اور ان کی ثابت قدمی نے واضح کر دیا ہے کہ کہ اگر ارادے مضبوط ہوں تو منزلیں خود بخود آسان ہو جاتی ہیں، عمران خان نے منتخب ہونے کے فوری بعد پوری قوم کو ملک سے لوٹی گئی دولت ہر قیمت پر واپس لانے، لوٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہ کرنے، این آر او نہ دینے اور پاکستان میں انصاف کے فروغ، پسے ہوئے طبقات کو خط غربت سے نکال کر ان کی زندگیوں کو خوشحال بنانے کی نوید سنائی ہے۔