مانچسٹر ( تنویر کھٹانہ) پاکستانی اسنوکر سٹار اور سابق ایشین چیمپئن حمزہ اکبر نے پرسٹن میں جاری انڈین اوپن کے کوالیفائنگ راؤنڈ جیتنے کے بعد اب یہ امید ظاہر کی ہے کہ وہ اگلے ماہ بھارتی سنوکر چیمپئن شپ میں حصہ لیں پائیں گے۔ 2016 میں بھی کوالیفائی کرنے کے باوجود حمزہ اکبر بھارتی ویزا حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے حالانکہ انہوں نے بھارتی حکام کو چیمپئن شپ شروع ہونےسے ایک ماہ پہلے ویزے کے لیے درخواست دی تھی۔ دو مرتبہ قومی چیمپئن شپ اور 2015کے ایشیائی سنوکر چیمپئن شپ کے فاتح حمزہ نے بدھ کو پریسٹن میں بھارتی اوپن کے لئے جاری کوالیفائنگ راؤنڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا.حمزہ اکبر نے 91 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ انگلینڈ کے روبی ولیمز محض 41 پوائنٹس ہی حاصل کر سکے۔ حمزہ نے سات سیٹ کا میچ چار دو کے بہترین مارجن سے جیت کربھارتی اوپن چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ یاد رہے بھارتی چیمپئن شپ اٹھارہ ستمبر سے بھارتی شہر کوچی میں کھیلی جائے گی۔