مری(نمائندہ جنگ)مری کی بلند وبالا عمارتوں کا سروے کرانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے حکم پر میونسپل کارپوریشن مری نے متوقع آپریشن کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا آغاز کردیا ہے خفیہ پلان بھی تشکیل دیا جارہا ہے آپریشن سے چند گھنٹے قبل تمام داخلی وخارجی رستوں کو سیل کردیا جائیگا ممکنہ ردعمل سے نمٹنے کیلئے رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حکم دیا ہے کہ جو عمارتیں غیر قانونی تعمیر کی گئیں اور جن کی تعمیر سے مری کا حسن تباہ ہوا ہے انہیں گرادیا جائے ۔ سب سے زیادہ تعمیرات کا سیلاب 2002 سے 2008 کے درمیان آیا اس دوران آسمان کو چھوجانے والی عمارتیں تعمیر کی گئیں ایسی عمارتیں جہاں اس شہر پر خوف کی علامت بن چکی ہیں وہاں ان عمارتوں نے ملکہ کوہسار مری کے حسن کو بھی بربادکرکے رکھ دیا ہے۔