وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے سے ہے ۔ انہوں نےعملی سیاست کا آغاز دو ہزار ایک کے بلدیاتی انتخابات سے کیا تھا ۔
سردار عثمان بزدار یکم مئی 1969 کو ڈیرا غازی خان کے قبائلی علاقے کے گاون بارتھی میں پیدا ہوئے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم بارتھی میں حاصل کی ، تونسہ سے میٹرک اور ملتان کی بہاء الدین ذکریا یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کیا ۔
سردار عثمان کی پانچ بہنیں اور پانچ بھائی ہیں ۔ بھائیوں میں وہ سب سے بڑے ہیں ۔ ان کے والد سردار فتح محمد خان بزدار ستر کی دہائی میں سرکاری اسکول میں گریڈ 14 کے ٹیچر تھے تاہم بعد میں ملازمت سے مستعفی ہوکر سیاست میں آگئے اور تین مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ۔
عثمان بزدار مشرف دور میں ق لیگ کے پلیٹ فارم سے دو مرتبہ ٹرائبل ایریا کے تحصیل ناظم رہ چکے ہیں ۔
2013 میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لیا لیکن ہار گئے ۔
حالیہ الیکشن سے قبل وہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پلیٹ فارم سے پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر حلقہ پی پی 286 سے 26 ہزار 8 سو 97 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ۔
عثمان بزدار کا آبائی علاقہ بارتھی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ ڈی جی خان کے قبائلی علاقہ میں نہ بجلی ہے ، نہ پختہ سڑک اور نہ کوئی کالج ہے ۔
ڈی جی خان کے قبائلی علاقے زین اور بغل چھر میں یورینیم کے بیشتر ذخائر ان کی ملکیتی زمین سے نکلے جس سے پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔