• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئٹزرلینڈ، ہاتھ ملانے سے انکار پر مسلمان جوڑے کو شہریت نہ مل سکی

جنیوا (جنگ نیوز) سوئٹزرلینڈ میں حکام کے مطابق ایک مسلمان جوڑے کو سوئس شہریت دینے سے انکار کر دیا گیا کیونکہ انھوں نے انٹرویو کے دوران مخالف جنس کے افراد سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔حکام کی جانب سے جمعے کو اس فیصلے کی تصدیق کی گئی ہے جس میں اس جوڑے کی جانب سے گھلنے ملنے اور صنفی مساوات کی تکریم ظاہر کرنے میں ناکامی کی نشاندہی کی گئی ہے۔اس جوڑے کا کئی ماہ قبل انٹرویو ہوا تھا اور وہ مخالف جنس کے حامل افراد کے سوالات کے جواب دینے میں مشکلات کا شکار تھے۔خیال رہے کہ چند دن قبل ہی سویڈین میں ایک مسلمان خاتون نے ہاتھ ملانے سے انکار کرنے پر انٹریو ختم کیے جانے پر متعلقہ کمپنی کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ جیتا تھا۔سوئس حکام کے مطابق نئے شہری سوئس معاشرے میں اچھی طرح ضم ہونے چاہییں اور سوئٹزرلینڈ‌، اس کے اداروں کے ساتھ اپنا لگاؤ ظاہر کریں، اور سوئس قوانین کا احترام کریں۔اس جوڑے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق شمالی افریقہ سے تھا، تاہم اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یہ جوڑا شہریت حاصل کرنے کے معیار پر پورا نہیں اترا۔ اس جوڑے نے لوزان شہر سے شہریت کی درخواست دائر کی تھی۔لوزان کے میئر گریگوئر جنوڈ نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ مذہبی آزادی مقامی قوانین میں محفوظ ہے لیکن ʼمذہبی عمل قانون کے دائرے سے باہر نہیں ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس جوڑے سے ان کے عقیدے کے بارے میں نہیں پوچھا گیا تھا، مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کا مذہب واضح تھا۔حکام کا اصرار ہے کہ انھیں ان کی مذہب کی بنیاد پر رد نہیں کیا گیا بلکہ صنفی مساوات کے احترام میں کمی کی وجہ سے ایسا کیا گیا۔پیئر انتوئن ہلبرانڈ اس کمیشن کا حصہ تھے جس سے اس جوڑے کا انٹرویو کیا تھا ان کا کہنا ہے کہ آئین اور مرد اور خواتین کے درمیان مساوات تعصب سے بڑھ کر ہے۔ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہاتھ نہ ملانے کی وجہ سے کوئی تنازع سامنے آیا ہے۔سنہ 2016 میں ایک سوئس اسکول نے دو مسلمان لڑکوں کو مرد اور خواتین دونوں اساتذہ سے ہاتھ نہ ملانے سے مستثنیٰ کر دیا تھا جب انھوں نے ایک خاتون استاد سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔ اس خبر کے بعد خاصی ہلچل ہوئی تھی اور ان کے خاندان کو شہریت دینے کا عمل معطل کر دیا گیا تھا۔ہمسایہ ملک فرانس میں بھی ایک الجزائر کی خاتون کو شہریت دینے سے انکار کر دیا گیا تھا جب شہریت دینے کی تقریب میں اس نے ایک اہلکار سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔
تازہ ترین