• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دیوانی مقدمات ایک سال میں نمٹانے کیلئے چیف جسٹس سے ملوں گا ،وزیراعظم

اسلام آباد(جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نےقوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ دیوانی مقدمات ایک سال میں نمٹانے کیلئے چیف جسٹس کیساتھ ملوں گااوران کے ساتھ مشاورت کرکے کوشش کی جائے گی کہ کوئی بھی کیس ایک سال سے زائد نہ چلے۔انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ کئی بیوہ خواتین کے کیسز کافی عرصے سے عدالت میں زیر التواء ہیں،انہیں جلد از جلد نمٹایا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں جیل اور پولیس کا نظام بھی درست کریں گے۔انہوںنے کہاکہ کے پی کے میں ایک سال کے اندر سارے سول کیسز کا فیصلہ کیا تھا ٗاب قومی سطح پر کرینگے ٗانشاء اللہ ہم ایسا نظام لائیں گے کہ ایک سال کے اندر کیسز حل ہونگے ۔انہوںنے کہاکہ کئی بیوائوں کی زمینوںپر قبضے ہوئے ہیں ٗ وہ بیچاری رل گئی ہیں ان کے کیسز حل نہیں ہوتے ہیں چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ کم از کم بیوہ کے کیسز حل کریں ۔انہوںنے اس موقع پر خاتون کا واقعہ بھی سنایا جس کے شوہر کو قتل کر دیا گیا اور اسے تھانے کے چکر لگانے پڑے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ سب کے سامنے وعدہ کرتا ہوں کمزور طبقہ کی مد د کرینگے ٗ وکیلوں کو جیلوں کے اندر بھیجیں گے وہ قیدیوں سے پوچھیں گے کہ ان کے مسئلے مسائل کیا ہیں ٗ کئی قیدی فیس بھی نہیں دے سکتے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ پولیس کا نظام ٹھیک کر ناہے ٗ کے پی کے میں پولیس میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے ٗہمارے الیکشن جیتنے کی بڑی وجہ یہ تھی کہ لوگوں کو پولیس پر اعتماد آگیا ہے آئی جی ناصر درانی نے یہ سب کچھ کیا ہے ٗ اب پنجاب پولیس کو ٹھیک کر نے کیلئے آئی جی ناصر درانی کر دار دینگے ٗ سندھ میں گور نمنٹ کے ساتھ ملکر پولیس کو ٹھیک کیا جائے گا ۔
تازہ ترین