• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیڑھ ارب مسلمان، 57اسلامی ملک، پھر بھی شر کا غلبہ ہے، سراج الحق

راولپنڈی ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیا میں اس وقت ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان اور 57 اسلامی ممالک ہیں مگر پھر بھی شر کا غلبہ ہے، افسوس کہ کسی ایک مسلمان ملک میں بھی اللہ کا دین نافذ نہیں ہے، ہم میں سے ہر کلمہ گو کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نبی کریمﷺ کے لائے ہوئے نظام رحمت کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد مدنی ویسٹریج 1 میں سابق امیر جماعت اسلامی راولپنڈی شہر محمد طاہر خان کی وفات پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد طاہر خان کے صاحبزادے اسد اللہ خان، فیملی کے دیگر افراد دوست احباب، جماعت اسلامی کے رہنمائوں آصف لقمان قاضی، سید عارف شیرزای، مولانا عبدالجلیل نقشبندی، سید عزیر حامد، حنیف چوہدری، ظفر یاسین، چوہدری کاشف، میاں رمضان، ملک محمد اعظم، ہارون رشید ودیگر نے بھی شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ طاہر خان کی وفات تحریک اسلامی کیلئے بڑا صدمہ ہے ہم سب ان کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے ساری زندگی جماعت اسلامی میں ایک مخلص اور فعال کارکن کے طور پر گزاری ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی زندگی اسوہ کامل ہے۔ اللہ کا دین زندگی کے ہر معاملے اور شعبے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ دنیا میں سب سے افضل کام اللہ کے دین کا کام ہے، مدینہ کی اسلامی ریاست ہمارے لئے ماڈل کا درجہ رکھتی ہے۔
تازہ ترین