راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر)راولپنڈی پولیس نے عید الاضحیٰ کے سکیورٹی پلان کوحتمی شکل دے دی،سکیورٹی پلان کے مطابق 3ہزارکے قریب افسران وجوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ضلی پولیس کے علاوہ ایلیٹ فورس ،سپیشل برانچ،لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹی سرانجا م دیں گے۔ سی پی او راولپنڈی عباس احسن کے حکم پرعیدالاضحیٰ پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئےخصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیاگیا ہے۔ جس کے مطابق تمام مساجد ،امام بارگاہوں ،کھلے مقامات اور عید گاہوں پر پولیس کے و جوان حساسیت کے اعتبار سے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔تما م تفریح گاہوں ،پارکس اور مویشی منڈیوں پر بھی پولیس کے افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔عیدالاضحیٰ کے دوران ضلعی سطح پر خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو راؤنڈ دی کلاک تما م اطلاعات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائے گا ۔عیدکے دوران سکیورٹی کو مزیدفول پروف بنانے کے لیے عید کی نمازکے دوران روف ٹاپ سکیورٹی، محافظ سکواڈ گشت،ڈولفن فورس گشت اور ایس ایچ اوز ضلع اپنے اپنے تھانے کے علاقہ میں گشت ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔راولپنڈی ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی خصوصی طور پر چیکنگ کی جائے گی ۔تما م ایس ایچ او ز کالعدم تنظیموں کو کھالیں اکھٹی کرنے کی پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے ۔عید سے قبل سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر ڈویژنل اور سرکل کی سطح پر امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگز کا انعقاد کیاگیا جس میں شرکاء میٹنگ نے امن عامہ کے قیام میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔