اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی ) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) اور نیشنل پریس کلب (این پی سی )نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کے گن مینوں کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین سے بدتمیزی ، موبائل فون توڑنے اور دھمکیاں دینے پر مذکورہ وفاقی وزیر کو نقصان کا ازلہ کرنے اور معافی مانگنے کیلئے 48 گھنٹوں کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ آر آئی یو جے صدر مبارک زیب ا ور این پی سی کے صدر طارق چوہدری کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید احمد کے گارڈز کی جانب سے بوڑھی خاتون کو دھکے دینے کی فوٹیج بنانے پر کیمرہ مین کوویڈیو فوٹیج بنانے سے نہ صرف روکا گیا بلکہ اْن کے ساتھ شدید بدتمیزی کرتے موبائل فون توڑ دیا گیا جو کہ آزادی صحافت پر حملہ ہے ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے، شیخ رشید کو 48گھنٹوں کی مہلت دیتے ہیں کہ وہ معافی مانگیں اور نقصان کا ازلہ کریں بصورت دیگر اْن کے خلاف مقدمہ درج کرانے سمیت احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ بیان میں وزیر اعظم عمران خان سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شیخ رشید کے اس اقدام پر نوٹس لیتے ہوئے اْنکے خلاف کارروائی کریں ،جبکہ آر آئی یو جے نے نائب صدر صغیر چوہدری کو یہ مسئلہ وزیر اطلاعات کے سامنے جبکہ فنانس سیکرٹری اصغر چوہدری کو پی ٹی آئی کی قیادت کے سامنے یہ مسئلہ اْٹھانے کی ذمہ داری سوپنی ہے ۔