کراچی (صباح نیوز) سندھ میں منی لانڈرنگ کےمیگا اسکینڈل معاملے پر سابق صدر آصف زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے نے چوتھی بار آج (پیر)طلب کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کیلئے آصف زرداری اور فریال تالپور کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد طلب کیاہے۔18؍ اگست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی اکائونٹس کیس میں سابق صدرآصف زرداری کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔ درخواست اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی تھی۔ سابق صدر نے عدالت سے استدعا کی کہ گرفتاری کا خدشہ ہے حفاظتی ضمانت دی جائے، جبکہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہونا چاہتا ہوں۔ درخواست میں موقف اختیارکیاگیا تھاکہ ایف آئی اے کی انکوائری میں پیش ہونے کیلئے بھی ضمانت دی جائےجس پر عدالت نے شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کی استدعامنظور کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کیس میں ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی۔