لاہور (معید جعفری) معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کی نامزدگی پر تحفظات دور کرنے سے انکار پر مسلم لیگ ن ممکنہ طور پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اپنے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کرے گی اب، صدارتی الیکشن میں تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں عارف علوی، اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمان شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ ملاقات کے بعد، مسلم لیگ ن نے دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ رات دیر سے اجلاس منعقد کیا جس میں احسن اقبال، امیر مقام، مریم اورنگ زیب، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن ارکان شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اتحادیوں کو صورتحال سے آگاہ کرنے اور موجودہ صورتحال پر مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ صدر پاکستان کے عہدے پر ہونے والے الیکشن کیلئے فضل الرحمان کو مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار کے طور پر کھڑا کیا جائے گا۔