سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں گیسٹرو کا مرض پھیلنے لگا، ایک درجن سے زائد بچوں کو سول اسپتال میں علاج کیلئے لایا گیا، اسپتال میں بیڈز کم ہونے کے باعث ایک بیڈ پر 3-3بچوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ سکھر، روہڑی، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، علی واہن، سائٹ ایریا، بچل شاہ میانی سمیت دیگر مضافاتی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے اور مضر صحت و آلودہ پانی کے استعمال کے باعث گیسٹرو کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ضلع سکھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ایک درجن سے زائد بچوں کو گیسٹرو کے مرض کی شکایات پر سول اسپتال سمیت دیگر سرکاری و نجی اسپتالوں میں لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بچوں کو طبی امداد فراہم کی، اسرار، محمد امین، شعیب، رابعہ، کلثوم ودیگر بچے سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔