صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کے جمع کروائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے بعدتحریک انصاف کے امیدوارعارف علوی ،پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن اور اپوزیشن کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کے نامزدگی فارم منظور کرلئے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی،جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر نے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ میرے کاغذات نامزدگی منظورہوگئے ہیں ،صدارتی امیدوار کی نامزدگی پروزیراعظم اورپارٹی کامشکورہوں امید ہے ہم صدارتی انتخاب بہت بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔
پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن نے کاغذات نامزدگی منظورہونے کے بعد کہا کہ امید ہے فضل الرحمان میرے حق میں دستبردارہوجائیں گے،اعتزاز احسن نے دعویٰ کیا کہ میرے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں،پی ٹی آئی کے کافی ووٹ مجھے پڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ سیکرٹ بیلٹ ضمیر کا ووٹ ہوتا ہے، آرٹیکل 63اے کے تحت ممبرز کو پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کاپابند کرتاہے، انہوں نے کہا کہ یہ وقت انصاف کاہے ،پی ٹی آئی امیدواروں کے درمیان بھی انصاف کرناہے۔صدارت کےلئے موزوں کون ہے اس کا فیصلہ ووٹر کو کرناہے۔