لاہورہائیکورٹ میں نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہدجمیل خان پر مشتمل تین رکنی فل بینچ نے نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے نیب آرڈیننس 1999کو کالعدم قرار دینے سےمتعلق تینوں شخصیات کی سزاؤں کےخلاف درخواستیں خارج کردیں۔
واضح رہے کہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزاؤں کی معطلی کی ایک درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی دائر ہے جس پر عدالت نے سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کررکھا ہے جو عدالت نے 20 اگست کو سنانے کی بجائے مؤخر کردیا۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم، ان کی صاحبزادی اور داماد کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی ہے جس کے بعد نوازشریف اور مریم کو پاکستان واپسی پر گرفتار کیا گیا جب کہ کیپٹن (ر) صفدر کو نیب حکام نے راولپنڈی سے گرفتار کیا اور تینوں شخصیات اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔