کراچی......سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی طبیعت بہتر ہوجانے پر انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔ انہیں سینے میں درد اور سانس لینے میں تکلیف پر پی این ایس شفا منتقل کیا گیا تھا جہاں کچھ دیر وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں بھی زیرعلاج رہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو جمعرات کی سہ پہر سینے میں کھنچاؤ محسوس ہونے پر پی این ایس شفا لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے فوری طور پر ان کے مختلف ٹیسٹ کیے، جس کے بعد پتہ چلا کہ جنرل پرویز مشرف کا بلڈ پریشر ہائی ہوگیا تھا جس کے باعث انہیں سینے میں کھنچاؤ اور سانس لینے میں تکلیف ہورہی تھی۔
اے پی ایم ایل کے ترجمان اورسابق صدر جنرل پرویز مشرف کے قریبی ذرایع نے جیو نیوز کو بتایا کہ سابق صدر اپنے گھر میں معمول کے کاموں میں مصروف تھے اور اچانک طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ابتدائی ٹیسٹ رپورٹس کے بعد انہیں مختلف دوائیں دے کر اسپتال سے فارغ کردیا۔
اسپتال میں پرویز مشرف کو کچھ دیر کیلئے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں بھی رکھا گیا۔ اسپتال کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اے پی ایم ایل کراچی کے صدر احمد حسین کا کہنا تھاکہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سےنکالاجاناچاہئے تاکہ وہ علاج کیلئے ملک سے باہر جاسکیں۔