• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کرنٹ لگنے سے معذور بچوں سے متعلق نوٹس لیں، وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ کراچی میں بجلی کے تاروں سے معذور ہونے والے بچوں کے حوالے سے نوٹس لیں اور کے الیکٹرک کو اس بات کا پابند کریں کہ وہ شہریوں کے لئے عذاب بننے کے بجائے سہولتیں فراہم کرنے کاادارہ بنے، یہ بات انہو ں نے آٹھ سالہ عمر اور تیرہ سالہ حارث کی سول اسپتال میں عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن مسعود عالم، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد ، برنز وارڈ کے انچارج ڈاکٹر احمراور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، وسیم اختر نے والدہ اور دیگر اہل خانہ سے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں اور ایم کیو ایم اور کے ایم سی ان کے ساتھ کھڑی ہے اگر ضرورت پڑی تو فیملی کے خاندان کے کسی ایک فرد کو کے ایم سی میں ملازمت فراہم کی جائے گی تاکہ خاندان کی کفالت ہوسکے،میئر کراچی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور چیف جسٹس آف پاکستان اس کا سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے کراچی کے شہریوں کو انصاف دلائیں،کے الیکٹرک کی انتظامیہ فوری طور پر اس بات کا اعلان کرے کہ ان بچوں کے خاندان کے ایک ایک فرد کو ملازمت فراہم کی جائے گی، اس حوالے سے دنیا بھر میں جتنی بھی طبی سہولتیں موجود ہیں انہیں فراہم کی جائیں گی اس بچے کا تاحیات علاج اور اخراجات کے الیکٹرک برداشت کرے گی اور بجلی کا بل تاحیات نہیں لیا جائے گا خاندان کی کفالت کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں، اگر کوئی کرنٹ لگنے کے باعث زخمی یا جاں بحق ہوتا ہے تو اسے معقول معاوضہ دیا جائے،ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے ان مطالبات کو نہ مانا تو ہم منوانا جانتے ہیں ۔

تازہ ترین