• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان ہاکی کا ایشین چیمپئن، پاکستان کو کانسی کے تمغے کیلئے بھارت سے شکست، ٹیم کی خالی ہاتھ وطن واپسی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایشین گیمز شروع ہونے سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم ایشین گیمز میں طلائی تمغے کا مشن لے کر انڈونیشیا گئی ہےتاہم سیمی فائنل کے بعد تیسری پوزیشن کے میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں مل سکا۔ طلائی تمغہ تو دور کی بات پاکستانی ٹیم کانسی کا تمغہ بھی جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ایشین گیمز میں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔پاکستان ٹیم خالی ہاتھوں وطن واپس لوٹے گی۔ ایشین گیمز کے ہاکی میں جاپان نے ملائیشیا کو شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا میچ کے اختتام تک دونوں ٹیموں کااسکور 6-6 گول سے برابر رہا فائنل کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آئوٹ پرہوا جس مین جاپان نے ملایشیا ء کو ہرا دیا۔ ایشین گیمز میں پاکستان کا دستہ 256رکنی تھا لیکن پاکستان کے حصے میں چار کانسی کے تمغے آئے۔قومی کھیل میں غیر ملکی کوچ اور ٹرینر کی تقرری بھی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہ لاسکی۔گیمز میں چین 132سونے 92چاندی اور 65کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ہفتے کوتیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت نے کھیل کے ابتدا ءسے ہی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور بھارتی آکاش دیپ سنگھ نے پاکستان کے خلاف پہلا گول اسکور کیا اور ٹیم ایک گول کی برتری دلائی۔اس کے بعد میچ کے تین کوارٹرز میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم کوئی بھی ٹیم گول نہ کر سکی۔ تاہم دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے بھارت کے خلاف تابڑ توڑ حملے کئے مگر کامیابی نہ مل سکی۔چوتھے اور آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے خوب تیزی دکھائی جس میں بھارتی کھلاڑی پردیپ سنگھ کو کامیابی ملی اور انہوں نے ٹیم کےلیے دوسرا گول کرکےاسکور 0-2کردیا۔پاکستان کے محمد عتیق نے 52 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کر کے میچ میں واپسی کی امیدوں کو بحال کیا لیکن وہ ان امیدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوئے۔ٹورنامنٹ کی فیورٹ بھارت کو سیمی فائنل میں میزبان ملائیشیا نے شکست دے کر گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر کیا تھا جبکہ پاکستان نے ملائیشیا کو گروپ میچ میں باآسانی شکست دی تھی۔ پاکستان نے گروپ میچوں میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر مسلسل پانچویں فتح حاصل کی تھی۔مسلسل پانچ میچ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5گول سے کامیابی حاصل کی لیکن اس کے بعد پاکستانی ٹیم پوزیشن والے دونوں میچ ہار گئی۔یاد رہے کہ ان مقابلوں کے ابتدائی مراحل میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی تھی مگر سیمی فائنل میں اسے جاپان سے 1-0 سے شکست ہوگئی۔ سیمی فائنل میں پہنچنے سے پہلے تک پاکستان نے اس ایونٹ میں کل 45 گول کیے ہیں جبکہ اس کے خلاف صرف ایک گول ہوا تھا۔کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے ان روایتی حریفوں کے درمیان یہ میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ میچ میں پاکستان نے مجموعی طور 10 مرتبہ جبکہ پاکستان نے 9 مرتبہ اپنے حریف کے گول پر حملے کیے۔ایشیائی کھیلوں میں پاکستانی کھلاڑی اب تک چار کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں جن کھیلوں میں یہ تمغے حاصل کیے گئے ہیں ان میں جیولن تھرو کے علاوہ کبڈی اور کراٹے شامل ہیں۔پاکستان کے لیے ایک کانسی کا تمغہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیر کو جیولن تھرو کے مقابلے میں حاصل کیا۔ ارشد نے 80.75میٹر دور نیزہ پھینک کر اس مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔کراٹے میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ نرگس نے 68 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری کے مقابلوں میں تمغہ حاصل کیا۔والی بال میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو ایک دلچسپ میچ کے بعد 1 کے مقابلے میں 3 سیٹ سے شکست دیدی ۔میچ کے پہلے سیٹ میں پاکستان نے 20 کے مقابلے میں 25 پوانٹس سے کامیابی حاصل کی مگراس کے بعد تھائی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا سیٹ 25-23، تیسرا سیٹ 28-26 اور چوتھے سیٹ میں 25-21 سے کامیابی حاصل کرلی ۔رگبی میچ میں افغانستان نے پاکستان کو15-7 سے ہرا دیا۔

تازہ ترین