کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اتوار کےدن بھی کراچی میں مصروف ترین دن گزارا، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مفاد عامہ کی درخواستوں کی سماعت کے ساتھ ساتھ دفتری امور سر انجام دئیے،کراچی جیم خانہ میں اہلیہ کے ہمراہ ظہرانے میں شرکت کی تاہم کھانا کھانے کے بجائے وکلاءسے ڈیم فنڈمیں رقم جمع کرانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار سےسپریم کورٹ بار کے نائب صدر فریداحمد دایوسے ملاقات بھی کی، دوران ملاقات بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی،شام 7 ؍ بجے کی پرواز سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اتوار کے روز بھی مصروف دن گزارا،صبح دفتری امور کی سرانجام دہی کیلئے جب کراچی رجسٹری پہنچے تو سپریم کورٹ کے باہر مظاہرین کو دیکھ کر مرکزی دروازے پر ہی رک گئے اور سائلین سے ملاقات کی جن میں لاپتہ افراد کے اہل خانہ و دیگر سائلین شامل تھے۔ چیف جسٹس نے سائلین کو یقین دہانی کرائی کے آپ کی درخواستوں کی آج ہی سماعت ہوگی ،عدالتی امور نمٹانے کے بعد چیف جسٹس وکلا کی دعوت ظہرانہ پر کراچی جیم خانہ پہنچے۔ اس موقع پر انکی اہلیہ بھی موجود تھیں۔