سکھر (بیورو رپورٹ) تعلیمی میدان میں حکومت سندھ کا ایک اور اقدام، میٹرک اور انٹر اے ون گریڈ میں پاس کرنے والے 3ہزار 369 طلباء وطالبات میں 8کروڑ 42 لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی۔ اے ون گریڈ میں پاس ہونے والے امیدوار کو 25ہزار روپے نقد انعام دیاگیا۔سکھر، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز اضلاع کے انعام حاصل کرنے والے طلباء وطالبات، اساتذہ اور ان کے والدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے بورڈ کے احاطے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب چار روز تک جاری رہی، جس کے مہمان خصوصی چیئرمین تعلیمی بورڈ سید مجتبیٰ شاہ تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے اسکولوں اور کالجوں میں بورڈ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے ان میں خطیر رقم تقسیم کی گئی۔ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے بورڈ کے زیر انتظام میٹرک سائنس اور انٹر کے پری میڈیکل اور پری انجنیئرنگ امتحانات 2017میں اے ون گریڈ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں 8کروڑ روپے 40 لاکھ روپے سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی۔تقریب میں سیکریٹری بورڈ محمد رفیق پلھ، آڈٹ آفیسر غلام قادر دھاریجو ، ناظم امتحانات عبدالسمیع سومرو سمیت دیگر افسران اور مختلف اسکولج و کالجوں کے اساتذہ ، طلباء وطالبات بھی شامل تھے۔