برمنگھم (عمران منور/صائمہ ہارون) برٹش پاکستانی باکسر عامر خان رواں اختتام ہفتہ برمنگھم کے رتوندا سکوائر میں کولمبیا کے باکسر سیموئل ورگاس سے مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، باکسنگ کے سیکڑوں شائقین برمنگھم پہنچنا شروع ہوگئے ہیں، عامر خان لاس اینجلس میں 2ماہ سے زیادہ ٹریننگ مکمل کرکے برطانیہ واپس آچکے ہیں اور اب وہ ہفتہ کو ایک دفعہ پھر رنگ میں واپس آئیں گے، وہ اس مقابلے کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ اپنی تربیت اور تیاریوں کے بارے میں جیو نیوز سے باتیں کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ میں نے لاس اینجلس میں 10ہفتے کی ٹریننگ مکمل کی ہے، یہ بہت ہی سخت تربیت تھی، جس میں دوڑنے، تیراکی اور باکسنگ کا بہت سخت شیڈول تھا، اب اللہ کے فضل سے میں مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہوں۔ انھوں نے کہا کہ کولمبیا کے باکسر سیموئل ورگاس سے مقابلہ بہت سخت ہے لیکن ہر ایک کی دعائیں میرے ساتھ ہیں، میں جانتا ہوں کہ میں نے اس مقابلے کیلئے سخت محنت کی ہے، اس لئے اب کوئی خامی نہیں ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں فتح حاصل کروں گا۔ عامر خان کی نظریں اس سال کے آخر میں ویلٹر ویٹ کٹیگری کے چوتھے ورلڈ ٹائٹل پر بھی جمی ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میرا اگلا مقابلہ عالمی ٹائٹل کیلئے ہوگا۔ ہفتہ کو ورگاس سے مقابلہ عالمی ٹائٹل کے مقابلے سے قبل کا عبوری مقابلہ ہے۔ عامر خان 17 سال کی عمر میں برطانیہ میں اولمپک ٹائٹل حاصل کرنے والے کم عمر ترین باکسر ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ باکسنگ کے پورے کیریئر کے دوران میں نے 3 مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتے ہیں، ایک اور مقابلے میں ایک اور ٹائٹل جیتنا میرے کیریئر کیلئے یادگار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میں دنیا کے بہترین فائٹرز میں ہوں، اس لئے میں سمجھتاہوں کہ اللہ کے فضل سے میں ابھی بہت آگے تک جاسکتاہوں، ورگاس کی آمد پر لوگوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا جبکہ عامر خان کی آمد پر وہاں اپنے پسندیدہ باکسر کی ایک جھلک دیکھنے کیلئےکم وبیش 2 گھنٹے سے کھڑے سیکڑوں افراد نے خوشی سے نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ عامر خان جب رنگ میں داخل ہوئےتو ان کے مداحوں نے ان کا گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ عامر خاں نے، جو اپنے مداحوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے سبب برمنگھم کو اپنا دوسرا گھر کہتے ہیں، وعدہ کیا کہ وہ اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے اور وہ آتش فشانی مقابلہ دیکھیں گے۔ اس موقع پر عامر خاں کے والد شاہ خان، بھائی ہارون خان اور چچا طارق بھی موجود تھے۔ عامر خان کے بھائی ہارون خان جو عام طورپر عامرخان کی تربیت کرتے ہیں، اس دفعہ کندھے پر چوٹ کی وجہ سے ایسا نہیں کرسکے۔ انھوں نے کہا کہ عامر خان نے اچھی طرح ٹریننگ کی ہے اور وہ 12 رائونڈ کے مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ عامر خان کے والد نے، جو حج کی ادائیگی کے بعد برطانیہ واپس آئے ہیں، کہا کہ تیاری تو 12 رائونڈ کی ہے لیکن اگر عامر نے ابتدا اچھی کی تو وہ اپنے مخالف کو پہلے ہی زیر کرلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ برمنگھم ہی نہیں دنیا میں جہاں بھی عامر خاں جاتے ہیں، انھیں اپنے مداحوں کی حمایت حاصل ہوتی ہے۔