نوابشاہ ( بیورو رپورٹ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے جامعہ شہید بینظیر بھٹو کے شعبہ انگریزی کے سربراہ عامر خٹک اور وائس چانسلر ارشد سلیم کی جنسی ہراساں کرنے کے مقدمے میں قبل ازوقت گرفتاری پر عبوری ضمانت منظور کرلی۔ ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج میر سہراب خان بروہی نے گزشتہ روز مقدمے کی سماعت کی۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ کی جانب سے تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی آج جامعہ شہید بینظیر بھٹو میں معاملے کا جائزہ اور متعلقہ افراد اور طلبہ سے انکوائری کریگی جبکہ ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے جنگ کو بتایا کہ پولیس نے فرزانہ جمالی کی درخواست پر عدالتی حکم پر رپورٹ درج کی اور اس سلسلے میں تفتیش جاری ہے۔ ادھر فرزانہ جمالی کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کئے جانے کیخلاف جسقم، سندھ ترقی پسند پارٹی، سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور دیگر رہنمائوں نے واقعہ کی مذمت اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔