کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے اپیل کی ہے کہ پاکستان میں اس ماہ ہونے والے چھ ملکی ہاکی ٹور نامنٹ میں تمام چھ ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کو لکھے گئے خط میں کہا ہےکہ پاکستان پرامن ملک ہے ہاکی ورلڈ الیون نے کامیاب دورہ کیا، پاکستان کی خواہش ہے کہ مکمل ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے، ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان میں اعلان کردہ تمام چھ ٹیموں کی آمد یقینی بنائے ، پی ایچ ایف ٹورنامنٹ کی میزبانی کو یقینی بنانے کیلئے ایونٹ کی تاریخیں آگے بڑھانے کو تیار ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ایونٹ میں تین ٹیموں نے پاکستان آنے سے معذرت کی ہے ۔ پی ایچ ایف کی جانب سے ایونٹ لاہور میں 26 سے 30 ستمبر تک شیڈول کیا گیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہا کی فیڈریشن کو خط لکھ کر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ورلڈ الیون نے دورے کے بعد اعتراف بھی کیا ہے کہ پاکستان ہاکی ایونٹس کرانے کی بہترین سہولت رکھتا ہے جس کے بعد ایف آئی ایچ نے پاکستان کو چھ قومی ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی دی تھی، ہم نے ایونٹ کی سیکیورٹی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہے، اس کے باوجود تین ملکوں کا مالی تنگی اور ٹیم کی مصروفیات کا بہانہ بناکر ایونٹ میں شرکت سے انکار سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایونٹ میں پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی میچوں کی بحالی کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اگر ٹیموں کی مصروفیات کا معاملہ ہے تو ہم ایونٹ کی تاریخیں آگے بڑھانے کو تیار ہیں، لاہور میں ہونیوالے ایونٹ میں عمان ، قطر ، بنگلہ دیش ، سری لنکا ،قازقستان اور افغانستان کو شرکت کرنا ہے۔ تاہم عمان قطر اور سری لنکا نے مالی مشکلات اور کھلاڑیوں کی مصروفیات کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے معذرت کی ہے۔