راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے ) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے نوازشریف ، شہباز شریف اور ڈھوک منشی کے پارکوں سمیت مری میں فوڈ کورٹس سمیت متعدد کھوکھوں اور باتھ رومزکے ٹھیکوں کی نیلامی کی جس سے ادارے کو ماہانہ لاکھوں روپے کرائے کی مد میں حاصل ہوں گے،مختلف تعلیمی اداروں میں کرکٹ و فٹ بال گرائونڈز وغیرہ کی نیلامی موخر کر دی گئی، بعض پوائنٹس اور فوڈ کورٹس کی بولی کم ہونے پر انہیں دوبارہ نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے سیف انور جپہ کے مطابق جمعہ کے روز فوڈ کورٹس ، کھوکھوں اور مختلف پوائنٹس کیلئے نیلامی ہوئی ، جس کے تحت شہباز شریف پارک فوڈ کورٹس پہلے دو یونٹس کیلئے 70ہزار روپے سے زائد ماہانہ کرایہ کی بولی آئی تاہم باقی پانچ کی 36ہزار روپے سے 55ہزار روپے ماہانہ بولی آئی جس پر باقی پانچ کو دوبارہ آکشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈھوک منشی پارک میں چھ فوڈ کورٹس کی نیلامی کی گئی، مری میں دو پوائنٹس کو پٹے پر دیا گیا جہاں کھوکھے وغیرہ لگائے جائیں گے ،نواز شریف پارک کے اندر ایک مقام کھوکھے کیلئے ماہانہ 75ہزار کرایہ پر دیا گیا ، باغ شہیداں پارک مری میں بھی مختلف سائز کے کھوکھوں کی نیلامی کی گئی، قاری خوشی محمد پارک میں ایک کھوکھا پندرہ ہزار روپے ماہانہ پر نیلام کیا گیا، نوازشریف پارک اور ڈھوک منشی پارک میں 35000اور 30000ہزار روپے پر باتھ روم کی نیلامی کی گئی، تعلیمی اداروں میں قائم گرائونڈز وغیرہ کی نیلامی اداروں کے سربراہوں کے تحفظات کی وجہ سے ملتوی کر دی گئی کیونکہ خدشہ تھا کہ وہ ادارے عدالت میں چلے جائیں گے۔