اسلام آباد (نمائندہ جنگ ،اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک لاکھ 84 ہزار پودے لگا چکے ہیں اور ہر ڈویژنل آفس پر چار چار نرسریاں کھول رہے ہیں۔ٹرینوں میں وائی فائی اور ٹریکنگ سسٹم لارہےہیں،ایک لاکھ 84 ہزار پودے لگا چکے ، 10 ہزار آسامیوں پر جلد بھرتی شروع کرینگے، اسلام آباد مارگلہ سٹیشن پرشجر کاری مہم کے آغازکے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہاکہ ریلو ے ٹریکس کو ماحول دوست بنائیں گے،ٹریکس کے دونوں اطراف میں پودے لگائے جائیں گے۔ ٹرینوں میں وائی فائی اور ٹریکنگ سسٹم لارہے ہیں اور 15 دن میں ون ونڈو آپریشن پر لائیں گے،ریلوے میں 10 ہزار آسامیوں پر جلد بھرتی شروع کریں گے،ریلوے کی 660 بوگیاں بےکار پڑی ہیں جنہیں اپ گریڈ کیاجائے گا۔ قبل ازیں شیخ رشید نے نرسری کا افتتاح کیا۔ نرسری میں ابتدائی طور پر 25 ہزار بیج کاشت کیے گئے ہیں جو اگلے سال مون سون سیزن تک صحت مند پودے بن چکے ہوں گے جنہیں مختلف سٹیشنز پر لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ اس وقت 3000 پودوں کی پنیری موجود ہے جنہیں اسی ریلوے اسٹیشن کی حدود میں لگایا جائے گا۔ نرسری سے سالانہ ایک لاکھ پودے تیار کیے جائیں گے جو کہ پاکستان ریلوے کے مختلف سٹیشنوں، ٹریک کی اطراف اور ریلوے کی دوسری تنصیبات پر لگائے جائیں گے۔