لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن جیتنے والوں کو آج تک اپنی جیت کا یقین نہیں آرہااور ہارنے والے پریشان ہیں کہ وہ ہار کیسے گئے ۔الیکشن کمیشن نے پری پول اور پوسٹ پول رگنگ کو روکنے میں مجرمانہ غفلت کی۔ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں مکمل ناکام رہا۔ الیکشن کمیشن نے پری پول اور پوسٹ پول رگنگ کو روکنے میں مجرمانہ غفلت کی ۔ سرگودھامیں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 25 جولائی کے انتخابات میں جتنے ووٹ مسترد ہوئے ، قیام پاکستان سے لے کر 2018 ءتک ہونے والے تمام انتخابات میں اتنے نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی حکومت سے غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف انقلابی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے پہلے خطاب میں قوم سے یہی وعدے کیے تھے کہ وہ ایک کروڑنوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنائیں گے۔