سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری، مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائی کرکے پولیس نے ایک اشتہاری سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرکے چرس اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ کے مطابق ضلع سکھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی جانب سے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں، تھانہ آباد کی پولیس نے گشت کے دوران سوسائٹی کے قریب کارروائی کرکے ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کی شناخت حیدر علی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ مختلف سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ تھانہ پنوعاقل کی پولیس نے غریب آباد پھاٹک کے قریب کارروائی کرکے 2ملزمان محمد صالح اور محراب علی کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے چرس اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، موٹر سائیکل چند دن قبل بائجی چوک کے قریب سے چوری کی گئی تھی جو کہ اصل مالک جہانگیر کے حوالے کردی گئی ہے۔ تمام تھانہ انچارجز اور پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کیخلاف سخت کارروائی کریں، عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپروائی برداشت نہیں کی جائیگی۔