سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکا، اہم شاہراہوں و رہائشی علاقوں میں جمع گند وکچرے کے ڈھیر سے اٹھنے والے تعفن و بدبو نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، ریجنٹ سنیما، والس روڈ، ڈھک روڈ، باغ حیات علی شاہ، نیوپنڈ، نواں گوٹھ، مائکرو کالونی، آدم شاہ کالونی و دیگر علاقوں میں گند وکچرے کے ڈھیر صاف نہیں کئے گئے ہیں جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں سیورج کا نظام مفلوج ہونے سے گٹروں و نالیوں کا گندا پانی بھی جمع ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے عملے کی جانب سے مذکورہ علاقوں سے گند وکچرے کے ڈھیر صاف کرنے کے لئے کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں اور نہ ہی صفائی کا عملہ نظر آرہا ہے، جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ کی لہر پھیل رہی ہے۔ شہریوں نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گنجان آبادی والے علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی جارہی ہے، صفائی کا عملہ کئی کئی دن گزرنے کے بعد آتا ہے جس کی وجہ سے گند و کچرے کے ڈھیر جمع ہوجاتے ہیں، جن سے اٹھنے والے تعفن و بدبو سے مختلف بیماریاں پھیلتی ہیں۔ انہوں نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ و دیگر سے اپیل کی کہ سکھر شہر کے گنجان آبادی والے علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیکر گند و کچرے کے ڈھیر صاف کرانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کرائے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔