برمنگھم ( جنگ نیوز ) پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سُپر ویلٹر ویٹ کیٹیگری فائٹ میں کولمبین نژاد کینیڈین حریف سیموئل ورگاس کو ہرا دیا۔ ہفتے کی رات برمنگھم میں ہونے والے میچ میںانہوں نے سیموئیل ورگاس کے خلاف سخت مقابلہ کیا اور ورگاس کے یکے بعد دیگرے حملوں کو ناکام بتاتے ہوئے بلآخر انہیں شکست دے دی۔ 36 منٹ تک جاری رہنے والی فائٹ میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 12 راؤنڈز ہوئے۔ خاص بات یہ رہی کہ ان تمام راؤنڈز میں عامرخان کا ہی پلہ بھاری رہا۔ لیکن ورگاس نے میچ میں کمزوری کے باوجود اپنا حوصلہ پست نہیں ہونے دیا اور بار بار کم بیک کیا۔ میچ کا فیصلہ تین ججوں نے متفقہ طور پر کیا اور سب نے عامر خان کو ہی ووٹ دیا۔تمام 12 راؤنڈز میں عامر خان نے حریف کو108-119،109-119اور 110-118پوائنٹس سے شکست دی۔ عامرخان کی فتح پر برٹش پاکستانیوں نے برمنگھم ایرینا کے باہر جیت کا جشن مناتے ہوئے بھنگڑے ڈالے اور پاکستانی پرچم تھام کر ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ فائٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عامر خان نے کہا کہ ورگاس سے مقابلہ میری توقع سے بھی کہیں زیادہ سخت تھا۔ آج کی فائٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ سیموئل ورگاس اچھا فائٹر ہے۔ میرے باکسنگ داؤ پیچ کے باوجود سیموئل ورگاس بار بار کم بیک کرتے رہے۔ عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ فائٹ کے آغاز میں سیموئل ورگاس نے مجھے اور پھر میں نے انھیں گرایا۔ 2016 میں کینیلو الواریز سے ناک آؤٹ ہونے کے بعد سے اب تک عامر خان نے صرف دو فائٹس میں حصہ لیا ہے۔ ورگاس سے ان کی فائٹ ترتیب کے لحاظ سے دوسری تھی جبکہ پہلی فائٹ میں انہوں نے کینیڈا کے فل لو گریکو کو ناک آؤٹ کیا تھا۔ وہ مجموعی طور پراب تک کھیلے گئے 37 مقابلوں میں سے 33 میچز میں کامیاب رہے ہیں۔باکسر عامر کی جیت پر اہل خانہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا، ان کی والدہ فلک خان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی کامیابی پر بہت خوش ہوں جب کہ بہن ماریہ خان نے کہا کہ عامر بھائی کی فتح کے لیے سب دعا کر رہے تھے۔باکسر عامر کے والد شاہ خان کا کہنا تھا کہ عامر نے 12 راؤنڈز کی تیاری کی تھی، بہت اچھی پرفارمنس دی ہے ۔