اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 13ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا، ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے صدر مملکت سے حلف لیا،حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت نے حلف نامے پر دستخط کئے جس کیساتھ ہی ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی‘کابینہ ڈویژن نے ڈاکٹر عارف علوی کا بطور صدرعہدہ سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا‘ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ،چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،و زیر اطلاعات فوادچوہدری، وزیر خزانہ اسد عمر ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ،گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پنجاب عثمان بزدار، کے پی محمود جان ، بلوچستان جام کمال کے علاوہ غیرملکی سفیروں، اعلیٰ سول و فوجی حکام سمیت تاجر کمیونٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی، سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی بھی حلف بر داری تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوئے‘ صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر عارف علوی کو ایوان صدرمیں مسلح افواج کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیاگیاانہیں سلیقے سے آراستہ صدارتی بگھی میں لایاگیا جسکے بعد قومی ترانہ بجایاگیا ، صدر مملکت نے تینوں مسلح افواج کے دستوں کامعائنہ کیاسلامی لینے اور معائنے کے بعدایڈیشنل سیکرٹری حمیرا احمد نے نو منتخب صدر کوایوان صدر کے عملے سے فرداًفرداًملایااور تعارف کروایا ، متعلقہ افسران کو صدر مملکت نے ایوان صدر میں غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایوان صدر میں بھی حکومتی کفایت شعاری اور سادگی کی واضح جھلک نظر آنی چاہئے،بعد ازاں کابینہ سیکرٹری نے صدر مملکت کا منصب سنبھالنے کے بارے میں باضابطہ فرمان پڑھ کر سنایا‘صدارتی منصب سنبھالنے کے بعد عارف علوی سے سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد صالح العواد اور چینی وزیر خارجہ نے ایوان صدر میں الگ الگ ملاقاتیں کیں اور نیا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ، سعودی وزیر اطلاعات نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کی جانب سے صدر مملکت کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان کی نئی قیادت اورحکومت کیساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں جس سے دونوں برادر ملکوں کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہونگے، صدر مملکت نے سعودی وزیر اطلاعات کاخیرمقدم کیا خادم الحرمین شریفین اور ولی عہد کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا پاکستانی عوام کو سعودی عرب کی مملکت اور قیادت سے بے حد لگائو ہے، دونوں برادر ملکوں میں سیاحت، ثقافت اور اطلاعات کے شعبوںمیں وسیع پیمانے پر تعاون کے مواقع ہیں ، انہوں نے ثقافتی اورمیڈیا وفود کے تسلسل سے تبادلوں پر زوردیااور توقع کا اظہار کیا ڈاکٹر العواد کے دورے سے باہمی تعلقات نئے دور میں داخل ہونگے، صدر مملکت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا سعودی وزیر اطلاعات نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے صدر مملکت کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی،دریں اثنا چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے صدر مملکت سے ملاقات کی ،چینی وزیر خارجہ نے چینی قیادت کی جانب سے پاکستان کی نئی حکومت کو نیک خواہشات کا پیغام دیا انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین اسٹرٹیجک پارٹنر شپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور توقع کا اظہار کیا مستقبل میں اس میں مزید اضافہ ہوگا، صدرمملکت نے چینی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغام پر شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کی اہمیت مسلمہ ہےاور مستقبل میں تمام شعبوں میں چین کیساتھ اسٹرٹیجک پارٹنر شپ مزید مضبوط ہوگی، صدر نے سی پیک پر عملدرآمد کے حکومتی عزم کااعادہ کیا، انہوں نےچین کےصدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی ، کابینہ ڈویژن نے ڈاکٹر عارف علوی کا بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور بطور صدر عہدہ سنبھالنے کا صدارتی فرمان کا الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے اتوار نو ستمبر کو صدر کے عہدے کا حلف لیا، بطور صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان عہدے کا چارج سنبھال لیا، ڈاکٹر عارف علوی کا بطور صدارتی فرمان کا حکمنامہ آرمڈ فورسز کے تمام یونٹس اور پاکستان آرمی کے تمام سٹیشنز پر پڑھا جائیگاجبکہ حکمنامہ کی کاپی سندھ، پنجاب، کے پی اور بلوچستان کے گورنرز کو بھی بھیجی جائیگی۔