اسلام آباد(مانیٹر نگ سیل) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کرکے ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز کا چیک دیا۔ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی جس میں انہوں نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے پاک فوج کی جانب سے ایک ارب 59 لاکھ روپے کا چیک دیا۔آرمی چیف نے چیف جسٹس پاکستان کو خط بھی تحریر کیا جس میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔آرمی چیف کے خط میں کہا گیا ہےکہ اس قومی مقصد کیلئے پاک فوج کے تمام رینکس نے اپنا حصہ ڈالا ہے، پاک فوج کے افسران بشمول سول افسران نے دو دن کی تنخواہ ڈیمز کیلئے دی جبکہ جونیئرکمیشنڈ افسران اور سپاہیوں نے ڈیمز کیلئے ایک ایک دن کی تنخواہ دی ہے۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر نے بھی آرمی چیف کی چیف جسٹس سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور جسٹس ثاقب نثار کے درمیان سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی جس میں آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے ایک ارب روپے سے زائد کاچیک ڈیم فنڈ کیلئے دیا۔آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف نے کہاکہ پاک فوج قومی ادارے کی حیثیت سے قوم کی تعمیر کیلئے کردار ادا کرتی رہےگی۔ واضح رہےکہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئے سپریم کورٹ نے فنڈ قائم کیا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان نے قوم سے بھی حصہ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔