گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں ملک میں پانی کی کمی کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیاہے اور بیرون ملک پاکستانیوں سے نئے ڈیم بنانے کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تارکین وطن پاکستانیوں سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن عزیز کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کریں ۔ تحریک انصاف کی حکومت کو جہاں ملک کی ابتر معاشی صورت حال سمیت کئی چیلنجوں کا سامنا ہے ان میں پانی کا مسئلہ بھی شامل ہے جس کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ 2025 تک ملک کو خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر وہ چیف جسٹس آف پاکستان کی طرف سے قائم کیے گئے فنڈ کو وزیر اعظم فنڈ میں ضم کر رہے ہیں جس میں انھوں نے قوم سے عطیات دینے کی اپیل کی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر 'ہم نے اب کچھ نہیں کیا تو ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔اس حوالے سے دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم تارکین وطن پاکستانیوں نے ڈیم فنڈز اکھٹے کرنے شروع کر دیئے ہیں ، یورپی ممالک اس کام میں پیش پیش ہیں ۔ا سپین میں پاکستانیوں کی تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار کے لگ بھگ تعداد مقیم ہے ، اس ملک میں پاکستانی کمیونٹی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے ہوئے اپنی ذمےداریاں احسن انداز سے نبھا رہی ہے ، یہاں ایسا کوئی شعبہ نہیں جس نے ڈیم فنڈ میں عطیات دینے کا اعلان نہ کیا ہو ۔
بزنس مین ہو یا مزدور سب نے وزیر اعظم پاکستان کی ڈیم فنڈ اپیل پر لبیک کہاہے ، اسپین میں ویسے تو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد فنڈ اکھٹا کر رہے ہیں، لیکن بارسلونا کے ٹیکسی سیکٹر سے وابستہ پاکستانیوں نے فوری طور پر ڈیم فنڈ اکھٹا کرنے کا اعلان کیا ،جن میں مظہر اقبال ، شہزاد اکبر وڑائچ ، گوندل بھائی اور اُن کی ٹیم نے ایک لاکھ یورو فنڈ کا ٹارگٹ پورا کر لیاہے، جوا سپین میں مقیم پاکستانیوں کا ایک تاریخی عمل ہے ۔تحریک انصاف اسپین کے ساتھ ساتھ دوسری سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی پاکستانی کمیونٹی ہونے کے ناطے وطن عزیز کو ترقی کے راستوں پر گامزن کرنے کے لئے ڈیم فنڈ میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے ، پاکستانیوں نے یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کو پاکستان پیسے لیگل طریقے سے بھیجیں گے، کیونکہ ایسا کرنے سے بھی پاکستان کو زرمبادلہ ملے گا جو پاکستان کے قومی خزانے کو سیراب کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔حافظ عبدالرزاق صادق ، چوہدری شہزاد اکبر وڑائچ ، طاہر فاروق وڑائچ ، راجہ امجد خالق ، چوہدری محمد ادریس، عمران ملک ، چوہدری ثاقب طاہر ، ڈاکٹر ہما جمشید اور دوسرے بہت سے پاکستانی ڈیم فنڈ میں اپنی رقوم بھیج رہے ہیں ۔
دُنیا بھر کی طرح اسپین میں بھی سابق خاتون اول پاکستان محترمہ کلثوم نواز کی وفات کی خبر انتہائی افسوس کے ساتھ سنی گئی،ا سپین میں مقیم مختلف سیاسی جماعتوں ، مقامی ہسپانوی کمیونٹی اور پاکستان مسلم لیگ نون اسپین کے عہدیداران نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کو شریف خاندان اور پاکستانی عوام کے لئے بہت بڑا صدمہ قرار دیا ۔ بارسلونا ، بادالونا اور دوسرے ہسپانوی شہروں میں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعائیہ محافل کا اہتمام کیا گیا،مرحومہ کی سیاسی جدو جہد اور جمہوریت کے فروغ اور آمریت کے سامنے حوصلے سے کھڑا رہنے پر تفصیلی خطاب کیا ۔
نمائندہ جنگ سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اسپین کے سر پرست اعلیٰ حاجی اسد حسین ، نائب صدر چوہدری محمد ادریس ، چیف آرگنائزر چوہدری افضال احمد وڑائچ ، راجہ امجد خالق ، چوہدری امانت حسین مہر ، طارق رفیق بھٹی ، رانا شجاعت علی ، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن اسپین راجو الیگزینڈر ، چوہدری امتیاز آف لوراں ، چوہدری سلیم لنگڑیال ، چوہدری کلیم الدین وڑائچ ، چوہدری عابد رانجھا ، سکندر حیات گوندل ، محسن سکندر گوندل ، حافظ عبدالرزاق صادق ، فیاض ملک ، ڈاکٹر انعام ، ڈاکٹر عرفان مجید راجہ ، راجہ نامدار اقبال خان ، میاں محمد اظہر، اورعمران ساجد سمیت بہت سے پاکستانیوں نے کہا کہ یہ وہ خاتون تھیں،جنہوں نے اُس وقت اپنے خاوند کا ساتھ دیا جب ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہ تھا۔
محترمہ کلثوم نواز پاکستان کے ان چند سیاستدانوں میں شامل تھیں جن پر کرپشن کے کوئی الزامات نہیں ہیں، وہ ملکی سیاست کے اتار چڑھاواور پیچیدگیوں سے بھی بخوبی آگاہ تھیں ، انہوں نے اس دور میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی جب جنرل پرویز مشرف نے اقتدار پر قبضہ کیا اور نواز شریف کی وزارت عظمیٰ ختم کرکے انہیں جیل بھجوا دیا۔
اظہار خیال کرنے والوں کا کہنا تھا کہ اس دور میں بیگم کلثوم کی گاڑی کو کرین سے ہوا میں معلق کرنے والی تصویر جب قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع ہوئی تو یہ تصویر بیگم کلثوم کی سیاسی جدوجہد و احتجاج کی علامت بن گئی۔آمریت کے انتہائی سخت دور میں وہ اپنی پارٹی کا جھنڈا اٹھائے آواز بلند کرتی رہیں۔ انہوں نے سخت پابندیوں کے باوجود پورے ملک کے دورے کیے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معززین نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہو سکے گا۔