• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریلوے اراضی بیچنے کیلئے وزیراعظم سے آرڈیننس جاری کروائیں گے، شیخ رشید

لاہور (نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ریلوے کی قیمتی زمینیں بیچنے کیلئے وزیراعظم سے آئندہ 15دن میں آرڈیننس جاری کرنے کی درخواست کی جائے گی،اراضی واگزارکروانے کے دوران کچی آبادی والوں کو تنگ نہیں کیا جائیگا،23 ہزاربھرتیوں کیلئے وزیراعظم کوخط لکھا ہے ،10 ہزار فوری بھرتیاں ہوںگی۔اگلے 100دنوں مین عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔ ریلوے میں 23 ہزارافراد بھرتی کرنے کیلئے وزیراعظم کوخط لکھا ہے تاہم 10 ہزار افراد فوری بھرتی کے جائیں گے، اس کے علاوہ ریلوے ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے چلایاجائے گا،فریٹ سیکٹر کو ایک ماہ میں ٹھیک نہ کرسکے تو اسے بھی نجی شعبہ کے حوالے کردیں گے ۔کسی صورت ریلوے کے کرایوں میں اضافے کے حق میں نہیں ہوں ۔عوام کی سہولت کیلئے ایک اور نئی ٹرین چلا دی ہے جبکہ مزید دو ٹرینیں16ستمبر سے چلائی جائیں گی جبکہ سات ریجنل ہیڈ کوارٹرز میں صاف پانی کے ٹینڈر بھی میرٹ پر طلب کئے جائیں گے ۔گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کواٹرز لاہور میں افسران کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے سیکٹر میں 23 ہزار لوگوں کی نئی بھرتیوں کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا ہے جبکہ 10 ہزار فوری میرٹ پر بھرتی کیے جائیں گے ۔سات ریجنل ہیڈکواٹرز کے بڑے سٹیشنز پر صاف پانی کے ٹینڈرز طلب کریں گے ۔بعد میں یہ تعداد 25 سے 30 سٹیشنز تک کریں گے ۔گزشتہ دور میں ایک سٹیشن کو اپ گریڈ کرنے پر 2 ارب روپے خرچ کیے گئے مگر ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی، ہم تمام سٹیشنز کوکم پیسوں پراپ گریڈ کریں گے ۔ریلوے کے تمام ہسپتالوں کو بھی پرائیویٹ سیکٹر کو آفر کریں گے کیونکہ ان ہسپتالوں کی کوئی کارکردگی نہیں ہے ۔ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ریلوے ملازمین اور مزدور باہر سے علاج کرواتے ہیں جنہیں سالانہ 20کروڑ روپے ادا کرنے پڑتے ہیں۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں ایک لیفٹیننٹ جنرل سے بات جاری ہے تا کہ ان ہسپتالوں میں بہتری آئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ریلوے کی کارکر دگی کو سراہا گیا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے اور اسکا سارا کریڈٹ ریلوے ملازمین کو جاتا ہے۔کو شش ہو گی کہ ریلوے کے تمام مزدوروں کو اے گریڈ دلوا کر جائوں ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے دو انجنو ں پر ٹریکر لگا کر ٹیسٹ کیا جائے گا جس کے بعد مزید ٹرینوں پر بھی اس کا مظاہرہ ہو گا۔ سو دن کے اندر اندر ریلوے کی ٹرینوں میں وائے فائی اور ٹریکر سسٹم نصب کیاجائے گا جبکہ تیس دن کے اندر اندر لاہور میں اس سسٹم کو رائج کریں گے ۔ بلڈرز کیلئے تمام پلیٹ فارم اوپن کر رہے ہیں ۔وزیر اعظم کی جانب سے پندرہ دن دیئے گئے ہیں مہنگی زمینوں کو بیچ کر ان کا پیسہ ریلوے کے اکائونٹ میں جمع کروائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ مافیا کے حوالے سے ریلوے کی زمین کو فروخت کرنے کیلئے وزیر اعظم کو تجویز دی ہے کہ وہ آرڈیننس جاری کریں ۔وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کسی کچی آبادی کو چھیڑا نہیں جائے گا ۔کسی غریب آدمی کو تنگ نہیں کیا جائے گا مگر کسی بڑے مگر مچھ کو بھی نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ 65سال سے زائد عمر والے افراد شناختی کارڈ دکھا کرآدھی قیمت پر سفر کریں گے جبکہ معذور اور نابینا افراد کی ٹکٹ کی رقم بھی آدھی ہو گی اور ان کے ساتھ ایک آدمی بھی آدھی ٹکٹ پر سفر کر سکے گا،ان تمام افراد کو مال گاڑی کی سہولت بھی فری دستیاب ہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز ایک بہادر اور عظیم خاتون تھیں ،ان کی مغفرت کیلئے دعاگو ہوں اور شریف خاندان سے بھی اظہار تعزیت کر چکا ہوں۔
تازہ ترین