• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع دادو کی چاروں تحصیلوں میں پینے کے پانی کی قلت ،شہریوں کا پیدل مارچ

میہڑ (نامہ نگار) میہڑ سمیت ضلع کے چاروں تحصیلوں میں پینے کے میٹھے اور صاف پانی کی قلت ،مختلف شہروں میں شہریوں کا احتجاجی جلوس اور پیدل مارچ تفصیلات کے مطابق میہڑ سمیت ضلع دادو کی چاروں تحصیلوں دادو ،جوہی ،میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں لاکھوں لوگوں کوپینے کے میٹھے اور صاف پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے اور ضلع کے لاکھوں لوگوں کو مناسب طورپر پانی کی فراہمی نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ اور میونسپلز کمیٹیز چاروں تحصلیوں میں پینے کے پانی کی فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہیں جس کے باعث شہری پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔پینے کا پانی نہ ملنے کی وجہ سے لاکھوں شہری پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ میہڑ سمیت چاروں تحصیلوں میں شہری سراپا احتجاج ہیں۔ میہڑ میں شہریوں شاہزیب ،سرفرازسومرو ،حاجن اور دیگر نے احتجاجی جلوس نکال کر ایوان صحافت کے سامنے ٹاور چوک پر دہرنا دیا جبکہ شہریوں نے پیدل مارچ بھی کیا ہے۔انہوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ تعلقہ میونسپلز کمیٹیز کو ہر ماہ کروڑوں روپے فنڈز ملتے ہیں لیکن فنڈزکی رقم مبینہ طور پر خورد بردکر لی جاتی ہے۔ واٹر سپلائی کی طرف سے پینے کے پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں شہری پریشان ہیں ،ہم روزانہ پینے کا پانی خرید رہے ہیں۔ کئی ماہ سے واٹر سپلائی کی عدم فراہمی ہے۔ بار بار شکایات کرنے کے باوجود میونسپل کمیٹیز والے توجہ نہیں دے رہے جبکہ واٹر سپلائی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے مساجد میں بھی پانی کی قلت کی وجہ سے نمازیوں کو وضو کرنے کیلئے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کی انتظامیہ اور چاروں تحصیلوں کی تعلقہ میونسپلز کمیٹیز کی طرف سے واٹر سپلائی کی فراہمی درست دیکرپینے کا میٹھا اور صاف پانی فراہم کیا جائے بصورت دیگر احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
تازہ ترین