مردان ( نمائندہ جنگ ) مردان میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث شیر خوار بچے سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے ۔دونوں واقعات کے خلاف شہریوں نے زبردست احتجاج کرتے ہوئے روڈ کو بلاک کردیا، رکن صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو نے موقع پرپہنچ کر عملے کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیاجبکہ متاثرین نے غفلت برتنے والوں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لئے درخواست دے دی ۔مردان میڈیکل کمپلیکس میں گذشتہ روزعلاقہ غلامو مشین کے 40سالہ رہائشی سردراز سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال لایاگیا جہاں ایمرجنسی میں ابتدائی طبی امداد کے بعد میڈیکل وارڈ شفٹ کردیاگیا جہاں ڈاکٹروں کی عدم توجہی کے باعث وہ دوسرے دن دم تورڈ گیا۔ متوفی کے بھائی مراد کے مطا بق وارڈ میں ڈاکٹروں نے اس کے بھائی کے پاس آنا تک گوارا نہیں کیا اورہماری باربار درخواستوں پر ڈاکٹروں نے مریض کو گھر لے جاکر اللہ پر چھوڑنے کا مشورہ دیا ۔واقعہ کے بعد ورثاء نے لاش اٹھاکر ایمرجنسی یونٹ کے سامنے رکھ دی اور زبردست احتجاج کیا۔ اس کے دو گھنٹے بعد چلڈرن وارڈ میں 2دن کا بچہ عملے کی غفلت سے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی۔