• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، مختلف علاقوں سے جرائم میں ملوث 15 ملزمان گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں سے پولیس نے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں 3 زخمی بھی شامل ہیں، سائٹ ایریا میں بینک سے 51لاکھ روپے کی چوری میں ملوث ایک ملزم پکڑا گیا۔

کراچی پولیس کے مطابق گزشتہ روز سائٹ اے ایریا میں نجی بینک کے دو سیکیورٹی گارڈز نے اپنے ساتھیوں کو بلایا اور ان کی مدد سے 51 لاکھ روپے چوری کرکے فرار ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کی اور ایک سیکیورٹی گارڈ ندیم کو گرفتار کرلیا، دوسرے گارڈ کوثر اور دو نامعلوم ملزمان کی گرفتاری اور رقم برآمد کرنے کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ادھر سالار گوٹھ ملیر سٹی میں پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کرکے تین موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔

سہراب گوٹھ میں پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا، ان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینے گئے موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔

تیموریہ کے علاقے میں پولیس نے 4 منشیات فروشوں سمیت 7ملزمان کو گرفتار کرکے 4 کلو گرام چرس برآمد کرلی، پکڑے گئے ملزمان میں تین مفرور ملزم بھی شامل ہیں۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ، 4 موبائل فون اور موٹرسائیکل ملی ہے۔

فیروز آباد میں پولیس اور گھر میں ڈکیتی کی نیت سے گھسنے والے ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم زخمی ہوگیا، زخمی کے قبضے سے اسلحہ، بغیر نمبر پلیٹ کی کار اور موبائل فون ملا ہے۔

بفر زون میں سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ گولی چلنے سے 20 سالہ یونس اور لی مارکیٹ میں پولیس اہل کار بھی اتفاقیہ گولی چلنے سے زخمی ہو گیا۔

مائی کلاچی روڈ پر گاڑی نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

تازہ ترین