• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ : افغانستان کی فتح، سری لنکا ایونٹ سے باہر

ایشیا کپ کے میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 91رنز سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، ایشیا کپ  کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ سری لنکا، بھارت اور پاکستان سے کھیلے بغیر گھر لوٹ گیا ہے۔

ابو ظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں افغان ٹیم کی جانب سے لنکن ٹیم کو دیے گئے 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر فلاپ ہوگئی اور افغان بولرز کا مقابلہ نہ کرتے ہوئے 41اشاریہ 2اوورز میں 158رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

لنکن ٹیم کی جانب سے تھرنگا36، پریرا28، ڈی سلوا23 اور کپتان میتھیوز 22رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، افغان بولرز کی جانب سے مجیب الرحمان، گلبدین نیب، محمد نبی اور راشد خان 2،2 شکار کرسکے جبکہ 2 لنکن بیٹسمین رن آئوٹ بھی ہوئے۔

اس سے قبل ایونٹ کے تیسرے میچ میں افغانستان کے کپتان اصغر افغان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو انہوں نے حریف  سری لنکا کو جیت کے لیے 250 رنز کا ہدف دیا، رحمت شاہ کے شاندار 72 رنز اور پریرا کے 5 وکٹ اننگز کی جان رہے۔

اننگز میں افغان اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، پہلی وکٹ پر 57رنز کی شراکت قائم کی اور حریف ٹیم کو ایک اچھا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹیم کی جانب سے رحمت شاہ 72، ہشمت اللہ شاہیدی 37، احسان اللہ 45 اور محمد شہزاد 34رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم تھیسا را پریرا 5، اکیلا دننجایا 2، ملنگا، چمیرا اور جے سوریا ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

آج کے میچ کے لیے لنکن الیون میں 3 تبدیلیاں کی گئی تھیں اور دلرون پریرا، امیلا اپونسو اور سرنگا لکمل کی جگہ شیہان جے سوریا، دشمناتھا چمیرا اور اکیلا دننجایا کو ٹیم میں شمل کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ میچ میں شکست کے بعد سری لنکا کا ایونٹ میں سفر اب  ختم ہوگیا اور 20 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا میچ رسمی ہوگا کیونکہ سری لنکا کے باہر ہونے سے دونوں ٹیمیں سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئیں ہیں۔

دوسری جانب ایشیا کپ ایونٹ میں کل بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جو بھارت کا پہلا میچ ہوگا۔

تازہ ترین