• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی پارلیمنٹ کے کشمیر پارلیمانی گروپ کا وفد دورہ پر پاکستان روانہ

بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ ) برطانوی پارلیمنٹ کا کشمیر پارلیمانی گروپ کا وفد تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کی معاونت میں دورے پر پاکستان روانہ ہوگیا، وفد کے دورے کے انتظامات حکومت پاکستان نے کیے ہیں۔ شیڈو منسٹر برائے جسٹس بیرسٹر عمران حسین، تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، ممبر پارلیمنٹ کرسٹوفر لیزلی، انتھیامیکنٹائر ایم ای پی، فرینک مائرز حنا البزتھ فلپ ،کونسلر کامران حسین، لارڈ قربان حسین اور فیصل رشید پر مشتمل 9 رکنی وفد 17 ستمبر سے 20 ستمبر تک پاکستان میں وزارت خارجہ اور آزاد کشمیر کے حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتوں کے علاوہ لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کرے گا تاکہ کشمیر کے حوالے سے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے لئے تیاری کی جاسکے۔ اس موقع پر شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آل پارلمنٹری کشمیر گروپ کو دورے کو دعوت دی، انہوں نے کہا کہ برطانوی اور یورپی ممبران پارلیمنٹ کا کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور لائن آف کنٹرول کے دورے سے دنیا کو یہ واضح ہوجائے گا کہ بھارت کس طرح مقبوضہ کشمیر کے پرامن لوگوں پر ظلم کی انتہا کرکے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کرتا ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ آل پارٹی پارلیمانی کشمیر گروپ کی معاونت تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے لئے قابل فخر ہے، دورے سے تحریک آزادی کشمیر کے لئے دورس نتائج سامنے آئیں گے۔
تازہ ترین