• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئمہ کرام کو اعزازیہ نہ دینا افسوسناک ہے، حیدر علی شاہ

پشاور(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک کے صوبائی رہنمااور پراونشل کمیٹی کے رکن سید حیدر علی شاہ باچا نے پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے آئمہ کرام کو ماہانہ اعزازیہ نہ دینے کے فیصلے کو آئمہ کرام اور علمائے کرام سے مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے سیاسی دکانداری چمکانے کے لئے آئمہ کرام کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان کیا گیا لیکن الیکشن کے بعد آئمہ کرام کو اعزازیہ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے آئمہ کرام اور علمائے کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی لٹیروں ، سیاسی بھگوڑوں اور کرپشن میں ملوث بڑے مگر مچھوں نے ہائی جیک کر لیا ہے۔ صبح شام یوٹرن لینا اور فیصلے تبدیل کرنا عمران خان کا معمول بن چکا ہے۔ عمران خان کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ خاندان اور موروثی سیاست کے خاتمے کے لئے وزرا کے بیٹوں بھائیوں اور خاندان کے افراد کو14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ٹکٹ نہیں دیئے جائیں گے لیکن دس روز کے بعد یوٹرن لیتے ہوئے فیصلہ کر لیا گیا جبکہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے بھتیجے، قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے بھائی، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کے بیٹے جبکہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے صاحبزادے اور بھائی کو 14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے لئے ٹکٹ دے دیئے گئے۔ سید حیدر علی شاہ باچا نے کہا کہ صبح شام یوٹرن لینے، جھوٹے اعلانات اور خاندانی و موروثی سیاست کو فروغ دینے سے نیا پاکستان نہیں بنایا جا سکتا۔
تازہ ترین