• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیاکپ، پاک بھارت مقابلہ، دبئی آج میدان جنگ بنےگا

دبئی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) دبئی کے گرم ترین موسم میں پاک بھارت ٹکر کے لئے اسٹیج تیار ہے۔ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سب بڑا مقابلہ اور سب سے اہم میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان بدھ کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میدان جنگ بنے گا۔ اعصاب شکن مقابلے کے لئے کرکٹ کو جنون اور فیور اپنے عروج پر ہے۔ 25ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں۔ اس میچ سے جو بھی ٹیم جیتی وہ ٹاپ کرے گی۔ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ دبئی ہی میں کھیلے گی۔ پاکستان اور بھارت سے شائقین کرکٹ بڑی تعداد میں دبئی پہنچ گئے ہیں ۔ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے اہم ترین کھلاڑی اور کپتان ویرات کوہلی کی خدمات سے محروم ہے۔ ان کی جگہ کپتانی روہت شرما کریں گے۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوہلی ورلڈ کلاس میچ ونر ہیں ان کی عدم موجودگی سے فرق ضرور پڑے گا حالانکہ بھارت کے پاس کئی اور اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ پاکستان میچ میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ اترنے کی تیاریاں کررہا ہے۔ لیکن پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کی بولنگ پر تشویش ظاہر کی ہے ان کا کہنا ہے کہ ہم نے محمد عامر کے ساتھ بیٹھ کر انہیں سمجھا یا ہے اور بات چیت کرکے بتایا ہے کہ ٹیم کو ان سے کیا توقعات وابستہ ہیں۔ محمد عامر ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے پہلے اوور میں گیارہ رنز دیے تھے وہ بیس رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔ زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میں محمد عامر ایک وکٹ حاصل کرسکے تھے۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کئی بار بولر اچھی بولنگ کرتا ہے اور وکٹ حاصل نہیں کرسکتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ محمد عامر اچھی بولنگ کریں گے۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم اچھی ہے، ہماری ٹیم کی بیٹنگ اور بولنگ دونوں بہترین ہیں، پریشر کے بغیر اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز تمام ٹیموں کے لئے یکساں سازگار ہیں، ایشیائی ٹیمیں اس طرح کے ماحول میں کھیلنے کی عادی ہیں، فتح کیلیے بہتر کرکٹ کھیلنا پڑے گی، چیمپئنز ٹرافی میں فتح یادگار تھی لیکن یہاں کی کنڈیشنز بالکل مختلف ہیں۔ روہت شرما کا کہنا ہے کہ بلاشبہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشنز بھی مشکل ہیں لیکن ہم اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کو برابر سمجھ رہے ہیں۔ ہم یہاں امپروو کارکردگی دکھاکر اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو منوانا چاہتے ہیں۔ ٹیم نروس ضرور ہے لیکن جیت کا جذبہ لے کر ہی میدان میں اتریں گے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تقریباً پندرہ ماہ ایک دوسرے کے سامنے آرہی ہیں۔18جون کو اوول میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کا آخری میچ ہوا تھا جس میں پاکستان نے فخر زمان کی سنچری اور محمد عامر کے تباہ کن اسپیل کی وجہ سے بھارت کو180رنز سے آئوٹ کلاس کردیا تھا۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ میچ کے بعد سپر فور میں بھی ٹکرائیں گی۔ توقع ہے کہ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ پاکستان نے منگل کو پریکٹس سیشن کے بعد اپنے انہی بارہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جو ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں شریک ہوئے تھے۔ پاکستانی اننگزکا آغاز فخر زمان اور امام الحق کریں گے۔ بابر زمان ون ڈاون، سرفراز احمد چوتھے ، شعیب ملک پانچویں اور آصف علی چھٹے نمبر پر کھیلیں گے۔ بولنگ میں شاداب خان واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم میں چار فاسٹ بولر محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان خان شنواری ہوں گے۔ بھارتی ٹیم دون دن میں دو میچ کھیلے گی۔ لیکن متحدہ عرب امارات میں بھارت بارہ سال بعد کوئی میچ کھیل رہا ہے۔ دبئی میں بھارتی ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف پہلا میچ کھیلا ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 129ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے73 اور بھارت نے52 میچ جیتے ہیں۔ چار میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان گیارہ میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے چار اور بھارت نے چھ میچ جیتے، ایک میچ غیر فیصلہ کن رہا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستان نے گذشتہ چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان بھارت میچ کے لئے جنوبی افریقا کے تجربہ کار ماریس ارامس اور سری لنکا کےروچیرا پالیا گروگنگے امپائر ہوں گے۔ جارج بریتھ ویٹ ٹی وی اور انیس الرحمن فورتھ امپائر ہوں گے۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔ 

تازہ ترین