• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانگھڑ:قصبہ ورکشاپ میں عدم تحفظ کیخلاف کاشتکاروں کا احتجاجی مظاہرہ

سانگھڑ (نامہ نگار ) قصبہ ورکشاپ میں عدم تحفظ کے خلاف کاشتکاروں کا احتجاجی مظاہرہ، علاقے کی بااثر شخصیات پولیس کی ملی بھگت سے ہمیں بےدخل کرنا چاہتی ہیں حکومت سندھ ایس ایس پی سانگھڑ اور بالا حکام سے اپیل ہے کہ قصبہ ورکشاپ کے غریب اور چھوٹے کاشتکاروں کو تحفظ فراہم کیا جائے تفصیلات کے مطابق قصبہ ورکشاپ میں چھوٹے کاشتکاروں نے آصف اقبال جٹ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کاشتکاروں کے علاوہ انکے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ کاشتکاروں نے اس موقع پر بااثر افراد کی زیادتیوں انکے گھروں پر حملوں کے خلاف نعرے بازی کی۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ انکی زمین تھانہ منگلی کی حد چک نمبر 39 میں ہے جہاں علاقے کے بعض بااثر افراد انکی قیمتی زمین اونے پونے داموں ہتھیانہ چاہتے ہیں جس کیلئے انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں اور تنگ کیا جارہا ہے ان کےآنے جانے کا واحد راستہ بند کردیا جاتا ہے جس سے متعدد مرتبہ انکے بچے اسکول جانے سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔ زرعی پیداوار کو منڈی تک پہنچانے کیلئے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں اور اکثر ان کا پانی بھی بند کردیا جاتا ہے جبکہ گزشتہ دنوں انکے گھروں پر حملہ کیا گیا اور نامعلوم عناصر نے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور گھر کی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ انہوں کہا کہ اس کے خلاف منگلی تھانہ میں ایف آئی آر بھی درج کرائی لیکن پولیس کی ملی بھگت سے کوئی گرفتاری نہ ہوسکی۔ انہوں نےایس اس پی سانگھڑ آئی جی سندھ اور حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب ہیں انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
تازہ ترین