• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:بچے گود سے چھینے کا تاثر غلط، پروٹیکشن اینڈ ریسپانس سینٹر قائم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ شہر میں بچوں کی گمشدگی کے واقعات کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے،حالات ایسے تشویشناک نہیں ہیں کہ بچوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔ منشیات ڈیلرز کے سر کی قیمت مقرر کرنے کیلئے حکومت سندھ کو خط لکھا ہے، کراچی پولیس آفس میں سی پی ایل سی اور روشنی فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر تے ہوئے ڈاکٹر امیر شیخ نے بتایا کہ بچوں کو گود سے چھینے کا تاثر غلط ہے، پولیس،سی پی ایل سی اور روشنی فاؤنڈیشن کے تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ رسپانس سینٹرز بنائے گئے ہیں اور متاثرہ والدین 1138پر کال کرکے بھی رپورٹ کراسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال2018میں اب تک 146بچے مختلف علاقوں سے غائب ہوئے جن میں سے 126بچوں کا پتہ چلا لیا گیا یا وہ خود گھر واپس آ گئے، ان میں سے صرف 8بچوں کو اغواہ برائے تاوان کیلئے اغوا کیا گیا۔ پولیس نے رواں سال بچوں کے اغوا میں ملوث تین ملزمان کو مقابلے میں ہلاک کیا جبکہ 22ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ ہونیوالے95فیصد بچے اپنی مرضی سے گئے، زیادہ تر بچے ماں باپ کے رویوں، امتحان میں اچھے نتائج نہ آنے، ماں باپ کی لڑائی، اپنی پسند کی لڑکی کے بارے میں والدین کی ناپسنددیدگی، زبردستی فیکٹری یا دیگر جگہوں پر کام کروانے کی وجہ سے گھر سے چلے جاتے ہیں۔ڈاکٹر امیر شیخ نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں پر توجہ دیں، انھیں وقت دیں۔ شہر میں جاری اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے حوالے سےپوچھے گئے سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں 5 فیصد برمی اور 4فیصد بنگالی جبکہ باقی دیگر لوگ ملوث ہیں، شہر میں اسٹریٹ کرائم کی بڑی وجہ منشیات ہے، زیادہ تر ملزمان منشیات کے استعمال میںملوث ہیں جو اپنی عادت پوری کرنے کے لئے اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرتے ہیں۔امیر شیخ نے بتایا کہ شہر کے 20بڑے منشیات ڈیلروں کو پکڑنے کے لئے حکومت کو ان کے سر کی قیمت مقرر کرنے لیئے خط لکھا ہے،یہ افراد اپنے علاقوں کے رابن ہڈ بنے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں ڈاکٹر امیر شیخ نے وومن تھانہ صدر میں چائلڈ پروٹیکشن رسپانس سینٹر کا افتتاح کیا،اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب اور روشنی فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
تازہ ترین