بھارت نے ایشین جونیئر اسکواش چیمپین شپ میں دو بار انکار کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کردیئے، اس سے قبل بھارت نے دو مرتبہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کو ویزے جاری نہیں کیے تھے، جس کی باقاعدہ تحریری شکایت ایشین اسکواش اور عالمی اسکواش کو کی گئ تھی۔
ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 26 سے 29 ستمبر تک بھارت کے شہر چنائے میں ہوگی جس میں پاکستان کے عباس زیب، عزیر شوکت انڈر 19کیٹگری میں، حارث قاسم، اسد اللہ انڈر 17 میں، انس بخاری انڈر 13کیٹگری میں جبکہ انڈر 15 کیٹگری میں حمزہ خان اور اصحاب عرفان میں مقابلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ورلڈ جونیئر اسکواش انفرادی اور ٹیم چیمپین شپ شیڈول کے مطابق 18 سے 23جولائی تک بھارت کے شہر چنائی میں منعقد ہوئی تھی جس کے لئے فیڈریش نے تین آفیشل اور 6 کھلاڑیوں کو بھیجنے کا منصوبہ بنایا تھا اور اس کے ویزے کی کارروائی بھی مکمل کرلی گئی لیکن بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے دینے سے انکار کردیا تھا جس پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے ایشین اسکواش اور ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو باضابطہ خط لکھ کر مسئلے پر فوری فیصلہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
ایشین اسکواش فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کی جاری کی گئی سیڈنگ کے مطابق انڈر 17 میں عباس زیب کو نمبر چار سیڈ اور عزیر شوکت کو نمبر 12 سیڈ، انڈر 15 کیٹگری میں حارث قاسم کو نمبر 5 اور اسد اللہ کو نمبر 16 سیڈ، انڈر 13 کیٹگری میں ایم حمزہ خان کو نمبر 3 اور ایم اصحاب عرفان کو نمبر 8 سیڈ جبکہ انس علی شاہ ان سیڈڈ ہیں۔ منتخب کھلاڑیوں نے اسلام آباد کی پاکستان نشنل اسکواش اکیڈمی میں چیمپئن کی تیاری کیلئے مکمل ٹریننگ حاصل کی اور اب کراچی روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ چار روز مزید ٹریننگ لینے کے بعد 23 ستمبر کو بھارت روانہ ہوجائیں گے۔