• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شریف خاندان کی رہائی حق کی فتح ہے،پاکستانی سیاست کی نئی سمت کا تعین ہوگا، مختلف رہنما

برمنگھم/ کوونٹری/ مانچسٹر (آصف محمود براہٹلوی/ وقار ملک/ ابرار مغل/ علامہ عظیم جی) برمنگھم سے نمائندگان جنگ کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف نیب کے فیصلے پر دی گئی سزائیں معطل کئے جانے اور تینوں شخصیات کو اڈیالہ جیل سے بری کئے جانے پر اوورسیز کمیونٹی اور بالخصوص مسلم لیگ ن نے زبردست خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں بھی میاں نوازشریف اور مریم نواز سرخرو ہوں گے شریف خاندان کی رہائی حق و سچ کی فتح ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مڈ لینڈز کے صدر راجہ امجد خان نے کہا کہ تمام سازشیں دم توڑ گئیں۔ جس طرح میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو نیب نے جعلی مقدمات میں پھنساکر سزائیں دیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزائیں معطل کرکے انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔ برطانیہ بھر میں اوورسیز کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے کنوینر راجہ اسحق صابر نے کہا کہ میاں نوازشریف نے اپنی بیمار بیوی بیگم کلثوم نواز کو برطانیہ میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج چھوڑ کر نیب کی سزا کے خلاف اپیل کرنے اور فیصلہ سن کر پاکستان روانہ ہوگئے۔ اچھی روایات کا آغاز کیا۔ عدالتوں کا سامنا کیا اور آج ضمانت پر رہا ہوگئے۔ ان کے قد کاٹھ میں مزید اضافہ ہوا۔ نوجوان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنما اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کے قریبی ساتھی، راجہ رفاقت حسین نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے پاکسانی سیاست کی ایک نئی سمت کا تعین ہوگا۔ آج بھی پاکستان کی سیاست میاں نوازشریف کے گرد گھومتی ہے اور عدالتی فیصلہ ایک عظیم فتح ہے۔ نوجوان لیگی رہنما عرفان افضل بٹ نے کہا کہ آج حق و سچ کی فتح ہوئی ہے، لیکن گزشتہ کئی ماہ سے میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر حسین کو جس طرح نیب نے جعلی اور بے بنیاد مقدمے میں پھنساکر جھوٹی سزائیں دیں انہیں ذہنی اذیت دی، اس کا ذمہ دار کون ہے۔ مسلم لیگ ن مڈ لینڈ کے صدر ملک فتح خان نے کہا کہ فیصلے پر پوری پاکستانی قوم خوش ہے کہ آج دنیا میں یہ پیغام بھی جارہا ہے کہ پاکستان کی عدالتیں مضبوط ہیں اور بلاخوف کام کررہی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی مڈ لینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا تھا، جو آج تک پوری پاکستانی قوم بھگت رہی ہے۔ اس فیصلے سے امید پیدا ہوگئی ہے کہ پاکستان میں عدالتیں اور ججز جرأت مند ہیں اور اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ سناسکتے ہیں۔ مسلم لیگ ن برمنگھم آزاد کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ تجمل نوابی نے کہا کہ نیب کے فیصلے کی روشنی میں محترمہ مریم نواز پاکستان کے الیکشن میں حصہ نہ لے سکیں۔ آج ان کی ضمانت ہونے سے مریم نواز کے حلقے کا الیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن پاکستان مریم نواز کے انتخابی حلقے میں دوبارہ الیکشن کرائے تاکہ پاکستان کی قوم اپنی قیادت کا انتخاب کرسکے۔ مسلم لیگ ن مڈ لینڈ کے مرکزی رہنما و تنظیم مغلیہ برطانیہ کے صدر محمد محفوظ مغل نے کہا کہ آج پاکستانی قوم اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر شاداں ہیں۔ ثابت ہوگیا کہ اس وطن عزیز کے ججز بھی کتنے عظیم ہیں جنہوں نے دھمکیوں اور سازشوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا۔ بیرون ممالک میں بھی پاکستانی عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے۔ نوجوان لیگی رہنما مرزا راشد محمود نے کہا کہ سازشیں دم توڑ گئیں۔ جھوٹ آخر جھوٹ ہوتا ہے۔ اس کے پائوں نہیں ہوتے۔ زیادہ دیر تک چل نہیں سکتا، لیکن نیب نے جھوٹے مقدمات میں پھنساکر جس طرح بیگم کلثوم نواز کے آخری ایام دور رکھا اس کا ازالہ کون کرے گا۔ چوہدری جبار اور سلیم بٹ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔ کہا کہ عدلیہ کے وقار میں اضافہ ہوگا۔ راجہ محمدفاضل کے مطابق نیب نے436کیسوں میں سے ایک چنا ہے جبکہ باقی سب اسی طرح پڑے ہیں اور یہی حال رائو انوار اور ماڈل ٹائون کیس کا ہے اور اب ماضی ہی کی طرح سب کچھ دب کر رہ جائے گا، پھر باوقت ضرورت سامنے لایا جائے گا۔ ڈاکٹر نیاز احمد کہتے ہیں کہ آج جو کچھ ہوا وہ بھی قانون کا حصہ ہے، مگر یہ فیصلہ وقتی ہے، مکمل تحقیقات کے بعد بہت جلد نوازشریف اینڈ کمپنی جیل میں ہوگی، کرپشن کرنے والے اس حکومت کے دور میں بچ نہیں سکیں گے۔ عوام کی امیدیں اس موجودہ حکومت پر لگی ہیں، اگر اس حکومت کے دور میں بھی سابقہ روایات کو برقرار رکھا گیا تو مایوسی بڑے گی۔ مظہر اقبال کیانی کے نزدیک عدالتی فیصلے کو قبول کرنے میں ہی عافیت ہے، مگر بدقسمتی سے جو لوگ کل تک ججز اور عدالتوں کو برا بھلا کہہ رہے تھے۔ آج انہیں ہیرو منائیں گے۔ میرا تعلق مسلم لیگ ن سے نہیں مگر میں اس فیصلے کو سراہاتا ہوں۔ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما راجہ ایاز خان ایڈووکیٹ، صاحبزادہ محمد فاروق القادری اور آزاد کشمیر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ برطانیہ کے سابق مرکزی صدر راجہ حق نواز جانباز قادری نے کہا کہ حق و باطل میں فرق واضح ہوگیا ہے۔ نوازشریف کے خلاف بنائے گئے مقدمات بھی جلد ختم ہوجائیں گے۔ محرم الحرام میں ہائی کورٹ نے انصاف اور عدل کی مثال قائم کرکے مورال بلند کرلیا ہے۔ راجہ حق نواز جانباز نے کہا کہ مخصوص مقاصد کے لئے نوازشریف کو من گھڑت مقدمات میں ملوث کیا گیا۔ آج عدالت نے اصولی فیصلہ دے کر انصاف کو قائم کردیا ہے۔ اس طرح مسلم لیگ ن علما و مشائخ برطانیہ، یورپ کے مرکزی صدر صاحبزادہ پیر سید دلیر بادشاہ بخاری نے بھی اسیران اڈیالہ کی رہائی کے عدالتی حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز اور (ر) کیپٹن صفدر کی رہائی حق و انصاف کی فتح ہے۔ انشاء اللہ باقی عدالتوں میں بھی نوازشریف کی بے گناہی ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے رضاکارانہ طور پر گرفتاری دے کر سیاسی مثال قائم کردی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ کسی سیاستدان نے بیرون ملک سے پاکستان آکر انصاف کی جنگ لڑی۔ آزاد کشمیر مسلم لیگ ن برطانیہ کے رہنما اور وزیر حکومت آزاد کشمیر کے اوورسیز کوآرڈینیٹر الحاج چوہدری محمد شکیل احمد نے بھی عدالتی فیصلے کو سراہا اور کہا۔ محرم الحرام کی بدولت آج انصاف ہوگیاہے۔ اسی طرح باقی کیسوں میں بھی نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بری ہوجائیں گے۔ پی پی پی ورکرز الیکشن کمیٹی مڈ لینڈ کے کنوینر الحاج محمد بشیر آرائیں نے کہا کہ عدالت نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے۔ پی پی پی نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی حمایت کی ہے۔ ہمارے پارٹی قائدین نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر شریف خاندان کی رہائش گاہ جاکر اظہار افسوس کیا ہے۔ پی ایس پی کے رہنما غلام نبی عامر نے کہا کہ عدالتی فیصلے کا احترام کیا جائے نیب شفاف انداز میں بلاتفریق کارروائی کرے۔ نوازشریف کی رہائی پر بحث کرنے کی بجائے عدلیہ کے فیصلے کو اہمیت دی جائے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے اس بارے میں کسی قسم کا ردعمل دینے سے معذرت کی تاہم کمیونٹی میں ملا جلا ردعمل پایا جارہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے اعجاز صدیقی نے کہا کہ یہ صرف ضمانت ہے۔ اعلیٰ عدالتیں انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا کو بھی انصاف ملے گا۔ کوونٹری سے نمائندہ جنگ کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی سزا کی معطلی کی خبر سننے کے ساتھ ہی کوونٹری میں بھی کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کوونٹری مسلم لیگ کے سرکردہ رہنمائوں محمد رشید کیانی، حاجی مبارک کیانی، راجہ فیاض کوٹلی، صدر مسلم لیگ آزاد کشمیر، راجہ اشفاق نے فوری طور پر شکرانے کے نوافل ادا کئے۔ کارکنان کی مبارکباد کی فون کالوں کا تانتا بند گیا۔ ہر کوئی ایک دوسرے کو گلے لگانے لگا اور میاں نوازشریف کے نعرے لگانے لگا۔ مسلم لیگ ن یورپ کے صدر راجہ تصور حیات نے بلجیم کے شہر انٹورپن سے مٹھائی بانٹنی شروع کی اور فرانس اور سوئٹزر لینڈ، جنیوا تک تقسیم کریں گے، کیونکہ وہ مسئلہ کشمیر پر منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لئے جنیوا بذریعہ کار سفر کررہے ہیں۔ دوران سفر انہوں نے بتایا کہ وہ اس فیصلے پر انتہائی خوش ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صدر مرزا مقصود جرال نے کہا کہ آج ایک طرف کارکنان کے لئے عید کا سماں ہے وہاں بیگم کلثوم کی وفات سے دل زخمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اور مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہے۔ راجہ رشید کیانی، راجہ اشفاق کیانی نے کہا کہ نیب نے جھوٹا کیس بناکر میاں نوازشریف فیملی کو رسوا کیا، ضرورت اس امر کی ہے کہ اب نیب کا احتساب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اور مریم نوازشریف، کیپٹن صفدر محمود اور حنیف عباسی کی سزائیں دراصل انتقام ہیں۔ محمد مشتاق دین، چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ دراصل سزائیں فرضی تھیں، شک کی بنیاد پر دی گئی تھیں۔ اس لئے نیب جرائم ثابت ہی نہیں کرسکا۔ اس لئے فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا۔ محمد عامر چوہدری نے کہا کہ حنیف عباسی کی سزا بھی معطل کی جائے۔ آج میاں نوازشریف کی رہائی کے وقت عوام کو چاہیے کہ وہ ان کے استقبال کے لئے کھڑے ہوجائیں۔ مانچسٹر سے نمائندہ جنگ کے مطابق قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت کی اپیل منظور ہونے اور رہائی کے فیصلے پر مسلم لیگ ن سیکریٹریٹ مانچسٹر میں صدر راجہ سجاد حسین کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ جنرل سیکرٹری نارتھ ویسٹ راجہ حاجی جلیل الرحمن نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن کی اپیل پر فیصلہ بہت پہلے آنا چاہیے تھا۔ وہ اپنی بہادر بیوی کی آخری سانسوں کے وقت ان کے پاس ہوتے، تاہم ان کی ضمانت پر رہائی خوش آئند ہے۔ مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ کے صدر راجہ سجاد حسین نے کہا کہ میاں نوازشریف کے خلاف انتقامی کارروائی کو اب بند ہوجانا چاہیے۔ نیب کو انتقام کے بجائے اس بات کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ نوازشریف نے کرپشن نہیں کی۔ وہ قومی ہیرو ہیں۔ مسلم لیگ ن بری کے صدر چوہدری عبداللہ صفدر نے کہا کہ انصاف کا بول بالا ہوا ہے۔ مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ عبدالقیوم نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ اب انتقام کی سیاست اور رویے ختم ہوجائیں گے اور میاں نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف پروپیگنڈہ بند ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ن یوتھ نارتھ کے صدر راجہ اشتیاق حسین نے کہا کہ فیصلہ تاخیر سے آیا مگر ہم شکر کرتے ہیں مسلم لیگ ن کے دیگر رہنمائوں جن میں مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ چوہدری عبدالکریم نے کہا کہ انصاف ہونا چاہیے۔ انتقامی سیاست ختم کرنے سے ہی پاکستان ترقی کرسکتا ہے تمام مسلم لیگی کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ کے چیف پیٹرن ہارون کھٹانہ نے کہا کہ یہ بہت عمدہ فیصلہ ہے میاں نوازشریف ان کی بیٹی کی رہائی خوش آئند اقدام ہے مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر حمزہ بٹ نے کہا کہ انصاف کی فتح ہوئی ہے۔ راجہ تسلیم بشیر، افضال، چوہدری خلیق الرحمن گوگا نے بھی میاں نوازشریف کی ضمانت پر رہائی کا خیرمقدم کیا ہے۔
تازہ ترین