کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم کے خلاف تحقیقات کے لئے ظاہر شاہ کی سربراہی میں کمیٹیقائم کردی ہے، جس کو دس دن میں اپنی رپورٹ پی ایچ ایف کے صدر کو پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، پی ایچ ایف کے صدر بریگڈیئر (ر) خالد کھوکھر نے نوید عالم کی جانب سے ایشین گیمز میں قومی ٹیم کی شکست پر میڈیا میں پی ایچ ایف کے خلاف بیان بازی اور بعد میں فیڈریشن پر مسلسل تنقید پر انکوائری کمیٹی قائم کی ہے جس کی سر براہی کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور سینئر کانگریس ممبر پی ایچ ایف سید ظاہر شاہ کریں گے، جبکہ ارکان میں سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر، ایم ڈی کوآرڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن پی ایچ ایف میجر (ر) جاوید ارشد خان اور آفس سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن راجہ غضنفر علی شامل ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوید عالم کے بیان سے متعلق شواہد اور حقائق کی تحقیقات کرے۔ واضح رہے کہ پی ایچ ایف نے نوید عالم کو ان کے عہدے سے برطرف کرنے کے بعد ا نکوائری کمیٹی قائم کی ہے جس نے25 ستمبر کو انہیں طلب کر لیا ہے۔