• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر میں کوئی چینی بیس نہیں،امریکی امداد پاکستان کیلئے زندگی یا موت کا مسئلہ نہیں،نیول چیف

واشنگٹن(این این آئی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاہے کہ امریکی امداد پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ نہیں ٗ پاکستان میں بہت وسائل ہیں ٗہم امریکا کی معاونت کے بغیر بھی کام کرسکتے ہیں،گوادر میں کوئی چینی بیس نہیں ٗبھارت کے سمندر میں جوہری ہتھیار نصب کرنے کے منصوبے کی وجہ سے پاکستان کو بھی خطے میں سٹریٹجک توازن برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،افغانستان میں امن اور استحکام کی حمایت کرتے ہیں، امریکا کے ساتھ باہمی عزت سے تعلقات چاہتے ہیں، ٗبھارت کے سمندری جوہری پروگرام پر شدید تحفظات ہیں ٗ پاکستان بھارتی خطرات سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے جوہری ہتھیار کی حفاظت کرنا جانتا ہے ٗ پاکستان نے 2016 میں چین سے 8 سب میرینز کا معاہدہ کیا تھا جو 2025 تک ہمیں مل جائیں گی ٗافغانستان ایک خودمختار ریاست ہے ٗ ہم اس کی عزت کرتے ہیں ٗپاکستان کا شمالی کوریا سے موازنہ کرنا نامناسب ہے ٗگوادر میں کوئی چینی بیس موجود نہیں ٗپاک آرمی نے قبائلی علاقوں کو منظم دہشت گرد تنظیموں سے خالی کرانے کیلئے کئی آپریشن کیے ہیں ٗ اب قبائلی علاقے قومی دھارے میں بھی آچکے ہیں۔گزشتہ روز پاکستانی سفارت خانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کی جانب سے افغانستان میں سٹریٹجک ڈیپتھ حاصل کرنے کی کوششوں کی افواہوں کو مسترد کیا۔انہوں نے کہاکہ امریکا کا پاکستان کو مالی معاونت روکنے کا فیصلہ اچھا نہیں تھا تاہم ہمارے لیے یہ معاملہ زندگی یا موت کا مسئلہ نہیں۔امریکی میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ایڈمرل عباسی نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے سمندر میں جوہری پروگرام کے بدلے میں اقدامات کا دفاع کیا۔انہوں نے کہاکہ سمندر میں نصب جوہری ہتھیار سے دوبارہ حملے کی صلاحیت حاصل ہوتی ہے اور اس سے خطے میں برابری نہیں رہتی جس کی وجہ سے ہم نے اس صلاحیت کو برابر کی سطح پر لانے کے لیے اقدامات کیے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں بھارت کے اس پروگرام پر شدید تحفظات ہیں اور ہمارے اقدامات بھارت کے پروگرام کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان نے بابر 3 میزائل کا تجربہ بھارتی چیلنجز کو شکست دینے کیلئے کیا تھا تاہم انہوں نے صحافی کی جانب سے سوال میں اس میزائل کو بنانے میں چینی معاونت کے تاثر کو مسترد کردیا۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان بھارتی خطرات سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے جوہری ہتھیار کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے 2016 میں چین سے 8 سب میرینز کا معاہدہ کیا تھا جو 2025 تک ہمیں مل جائیں گی۔پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلیوں سے افغان پالیسی پر کوئی اثر نہیں آیا اور ہمارا ملک افغانستان میں امن اور استحکام کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں غیر حکومتی ریاستیں نہیں چاہتا کیونکہ اس کے اثرات پاکستان پر بھی آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں پناہ حاصل کرتے ہیں اور اس کی زمین کو پاکستان میں حملوں کیلئے استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہم سرحد پر باڑ لگا رہے ہیں۔قطر میں امریکا اور طالبان کے مذاکرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ ہم اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے 2016 میں مذاکرات کا آغاز امن کی امید تھی جسے ملا عمر کی ہلاکت کی خبر لیک کرکے سبوتاژکیا گیا تھا۔ایڈمرل عباسی نے پاکستان کا افغان طالبان کی مالی معاونت کرنے کے تاثر کو مسترد کیا اور کہا کہ طالبان کی آمدنی منشیات کے فروغ سے ہوتی ہے اور اس کی تقریباً 30 سے 40 فیصد اسمگلنگ سمندری راستوں سے ہوتی ہے جسے ہم روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔پاک بحریہ کے سربراہ نے پاکستان کو شمالی کوریا کی طرح اکیلے پن کا سامنا ہونے کی تجویز سے ناموافق ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شمالی کوریا سے موازنہ کرنا نامناسب ہے۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ شمالی کوریا بین الاقوامی سسٹم سے دور ہوگیا ہے جبکہ پاکستان اس میں موجود ہے کیونکہ اسلام آباد کو معلوم ہے کہ کوئی بھی ملک اکیلے نہیں چل سکتا۔ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان ٗامریکہ سے تعلقات میں بہتری، معاشی و سیکیورٹی رہنمائی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے باہمی عزت سے چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی معاونت ہماری ترجیح نہیں ہم یہ تعلقات دونوں صورتوں میں بہتر دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان میں بہت وسائل ہیں اور ہم امریکا کی معاونت کے بغیر بھی کام کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین