• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی وزیرداخلہ کی علامہ اقبالؒ کے خاندان سے ملاقات ، گورنر پنجاب کے ہمراہ بادشاہی مسجد کا دورہ

لاہور(خصوصی رپورٹر، نیوز رپورٹر)برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے علامہ محمد اقبالؒ کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا۔ پاکستان کے ودرے پر آئے برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے گزشتہ روز شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے پوتے پی ٹی آئی رہنماء ولید اقبال اور اقبال ؒ کے نواسے یوسف صلاح الدین سمیت خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اقبال فیملی کی طرف سے برطانوی وزیرداخلہ کو شاعر مشرق ؒ کی کتابیں پیش کی گئیں۔ برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور برطانوی حکومت پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔برطانیہ پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر رہنماء پی ٹی آئی ولید اقبال نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلئے ہم سب کو ایک سوچ و فکر کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کا ناسور پوری عالمی برادری کےلئے چیلنج ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ انتہائی بہادری سے کرتے ہوئے کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ عالمی برادری پاکستان کی اِن عظیم قربانیوں کا اعتراف کرے اور دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمسایہ ممالک کیساتھ برابری کے پُر امن تعلقات چاہتا ہے ۔ علاوہ ازیں برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ بادشاہی مسجد کا دورہ کیاجہاں چیئر مین مجلس علماء پاکستان وخطیب باد شاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا ۔مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد کے فن تعمیر اور تاریخ بتانے کے علاوہ انہیں مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا اور مسجد میں رکھے گئے تبرکات اور سونے اور چاندی کے تار سے لکھے گئے تاریخی قرآن کریم کی بھی زیارت کروائی۔ اس موقع پر مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے باہمی دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ برطانوی وزیر داخلہ کی پاکستان آمد سے پاک برطانیہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔لیڈی ڈیانا ، پرنس چارلس سمیت انگلینڈ کی اہم شخصیات نے بادشاہی مسجد کا دورہ کر رکھا ہے اوروطن عزیز پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو ہمیشہ سراہا ۔ میرے والد مولانا ڈاکٹر سیدعبد القادر آازادرحمہ اللہ نے40سال قبل انٹر فیتھ ڈائیلاگ کی بنیاد بادشاہی مسجد لاہور سے رکھی اور آج ملک بھر اور بیرون ملک انٹر فتیھ ڈائیلاگ کو جو اہمیت حاصل ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی اس موقع پر مولانا سید عبد الخبیر آزاد اور ان کے والد گرامی مولانا ڈاکٹر سید عبد القادرآ زاد کی امن کے حوالے سے خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہمیشہ آزاد خاندان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،بعد ازاں تمام مہمانوں نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اورفاتحہ پڑھی ، مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے اس موقع پر وطن عزیز پاکستان اور مصور پاکستان شاعر مشرق حضرت علامہ اقبال کیلئے خصوصی دعا کی گئی ،اور یوں یہ دورہ اپنے اختتام کو پہنچا ۔  
تازہ ترین