بچپن سے ہی سنتے آئے ہیں کہ ڈائمنڈ جیولری لڑکیوں کی بیسٹ فرینڈ ثابت ہوتی ہے، جسے دیکھتے ہی موڈ خوشگوار ہوجاتا اور اسے پہننے کو جی چاہتا ہے۔ یہ نفیس پتھر دنیا کے ہر خطے سے تعلق رکھنے والی خواتین کی پہلی ترجیح ہوتا ہے۔ڈیزائنر کی جانب سے گولڈ ،پلاٹینیم کے ساتھ ساتھ ڈائمنڈ جیولری کے بھی اتنے خوب صورت اور منفرد ڈیزائن متعارف کروائے جاتے ہیں کہ خواتین کی نظر ان پر ٹھہر سی جاتی ہے اور وہ اسے خریدنے کے جتن کرنے لگتی ہیں، اورکیوں نہ کریں، آخر اسے تراشا اور بنایا ہی ان کے لیے جاتا ہے۔
جس طرح ملبوسات کے لیے مشہور ہے کہ انھیں پہننے اور سنبھالنے کا انداز لباس کو ایک منفرد خاصیت بخشتا ہے، یہی سلسلہ جیولری کا بھی ہے، اسے اگر سلیقے کے ساتھ پہنا جائے تو یہ عام سی جیولری کا حسن بھی دُگنا کردیتا ہے اور پھر ڈائمنڈ جیولری کے تو کیا ہی کہنےہیں۔ ڈائمنڈ جیولری کے مختلف انداز سے متعلق خواتین کی مشکل کو دور کرنے کے لیے ہم ذیل میں کچھ سیلیبرٹی اسٹائل بتانے جارہے ہیں، جوآپ کے مختلف آؤٹ فٹ کے لیے بہترین اسٹائل ثابت ہوں گے۔
سادہ مگر خوبصورت انداز
اگر آپ کسی تقریب میں جانے کے لیے سادہ مگر خوبصورت انداز اپنانا چاہتی ہیں تو کلاسک پیسز اسٹائل نیکلس آپ کے سادہ سے لباس کے لیے بہترین جیولری ثابت ہوسکتا ہے۔ اس اسٹائل کی مثال بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی ایوارڈ تقریبات سے ہی لے لیں، نامور سیلیبرٹیز اپنے خوبصورت ،مہنگے اور برانڈڈ گاؤن کے لیے ایسے ہی نیکلس کا انتخاب کرتی ہیں۔اس نیکلس کو آپ گاؤن کے ساتھ پہنیں،ساڑھی کے ساتھ یا پھر شیفون کی کسی خوبصورت فراک کے ساتھ، تمام ملبوسات کے ساتھ یہ بے حد خوبصورتی سے نمایاں ہوگا۔ اگر آپ کے پاس ڈائمنڈ جیولری زیادہ ہو تو اس لباس کے ساتھ نفیس سا بریسلٹ اور کانوں میں چھوٹے سے ڈائمنڈ ایئر رنگ بھی پہنے جاسکتے ہیں۔
روایتی انداز
اگر آپ ڈائمنڈ جیولری کا استعمال کچھ روایتی انداز میں کرنا چاہتی ہیں، جیسے شادی بیاہ کی تقریبات یا فیملی کے خاص فنکشن، جس میں جیولری کاسادہ سا انداز کچھ مناسب نہیں۔بھاری اور کامدار ملبوسات مثلاً لہنگے،چوڑی دار پاجامے اور کامدار فراک کے ساتھ ڈائمنڈ جیولری کا انداز کچھ روایتی انداز میں کیجیے، مثلاً لاکٹ، چوڑیوںاور خوبصورت انگوٹھیوں کے ساتھ آپ ہلکی چین کا خوبصورت ڈائمنٹڈپینڈل پہنیں۔ بالی ووڈ کرینہ کی ہی مثال لے لیں، وہ اکثر ساڑھیوں کے ساتھ اسی قسم کی ڈائمنڈ جیولری کا انتخاب کرتی ہیں ۔
لٹکتے ہوئے نفیس ایئر رنگ
اگر آپ زیادہ بھاری جیولری پہننے کی شوقین نہیں تو اپنی انارکلی فراک اور لہنگوں، جیسے بھاری ملبوسات کے لیےلٹکنے والےنفیس سے ایئر رنگ کا انتخاب کریں، یہ ایئر رنگ بڑے اور بھاری ہوتے ہیں۔ لازمی نہیں ان ایئر رنگ کو مکمل طور پر ڈائمنڈ سے تیار کروایا جائے، ڈائمنڈ کا ایک بڑا نگ بھی ان ایئررنگ کی خوبصورتی میں اضافہ کردیتا ہے۔ صرف بالی ووڈ ہی نہیں بلکہ یہ اسٹائل پاکستانی سیلیبرٹیز میں بھی خاصا مقبول ہے، ایوارڈ تقریبات ہوں یا پھر کوئی خاص فیملی ایونٹ، اکثر سیلیبرٹیز اسی قسم کی جیولری کا انتخاب کرتی ہیں۔
لیئرڈ ڈائمنڈ نیکلس
اس برس جہاں خواتین میں چوکرز اور اینکلیٹس کا فیشن مقبول ہوا، وہیںلیئرڈ نیکلس کا فیشن بھی خاصا مقبول ہورہا ہے۔ لیئرڈنیکلس ایک،دو یا پھر تین لیئر کے ساتھ خواتین میں زیادہ مقبول ہے۔ میٹل اور پرل دونوں اسٹائل تو خواتین کی جیولری کا حصہ بنتے ہی ہیں لیکن آپ دائمنڈ نیکلس کے لیے لیئرڈ اسٹائل کا انتخاب کریں۔ یہ کسی بھی لباس کے لیے آپ کا بآسانی انتخاب بن سکتا ہے، پھر چاہے اسے سادہ سے ملبوسات کے ساتھ پہنیں یا روایتی ملبوسات کے ساتھم دونوں کے ساتھ یہ آپ کی خوبصورتی میں اضافے کا سبب بنتا نظر آئے گا۔
ڈائمنڈ رنگ
ڈائمنڈ رنگ ایک عرصے سے خواتین میں مقبول ہے،خاص طور پر معروف سیلیبرٹیز میں ۔
٭پرنس ہیری کی منگیتر میگھن مارکل کے لئے بوٹسوانا سے پرنسز ڈیانا کی کلیکشن سے ڈائمنڈ رنگ کا انتخاب کیا گیا ۔
٭2012ء میں بریڈ پٹ نے انجلینا جولی کو پرپوز کرنے کے لئے بھی عمودی طرز پر بنی 10قیراط سے بھی زیادہ وزنی ہیرے کی انگوٹھی کا انتخاب کیا۔
٭معروف ریسلر جان سینا نے بھی اپنی سابقہ بیوی اور ڈبلیو ڈبلیو ای سے وابستہ پروفیشنل ریسلرنکی بیلا کے لئے منگنی کی انگوٹھی کے لیے ڈائمنڈ کا ہی انتخاب کیا تھا۔
بالی ووڈ کی فیشن آئیکون سونم کپورجیولری میں ہر چیز صرف ڈائمنڈ ہی کی پسند کرتی ہیں، خواہ وہ کتنی ہی مہنگی کیوں نہ ہو لیکن اگر انھیں پسند آجائے تو وہ اسے ضرور خریدتی ہیں۔ چمکتے دمکتے ملبوسات کے علاوہ ڈائمنڈ جیولری نہ صرف ہالی ووڈ اور بالی ووڈ حسیناؤں بلکہ دیگر خواتین کی خوبصورتی میں اضافے کا بھی باعث بنتی ہے کیونکہ یہ ممکن نہیں کہ ہیروں کی آب و تاب کسی کے حسن میں اضافہ نہ کرے۔ یہی وجہ ہے کہ سیلیبرٹیز کے علاوہ خواتین بھی منگنی یا شادی کی تقریبات میں لی جانے والی جیولری میں ڈائمنڈ رنگ کاا نتخاب زیادہ کرتی نظر آتی ہیں۔ رنگ کے علاوہ ڈائمنڈ کی نفیس اور قیمتی جیولری کااستعمال بھی ایک مخصوص طبقے میں زیادہ کیا جانے لگا ہے۔
ڈائمنڈ بریسلٹ
ہاتھوں کی دلکشی اور خوبصورتی میں اضافہ کے لیے خوبصورت بریسلٹ کا استعمال عام سے عام خواتین بھی لازمی کرتی ہیں ۔لیکن جب بات ہو سلیبرٹیز کی تو یہاںسونے چاندی کے علاوہ ڈائمنڈ کا رجحان کہیں زیادہ ہے یہی وجہ ہے کہ ڈائمنڈ بریسلٹ سلیبرٹیز جیولری ٹرینڈ میں شامل ہےیہ بریسلٹ نہ صرف وزن میں ہلکے ہوتے ہیں بلکہ کچھ تو اس طرح ڈیزائن کئے جاتے ہیں کہ کلائی میں بندھی ہوئی گھڑی سے بھی کہیں زیادہ خوبصورت محسوس ہوتے ہیں بیونسے ہو یا کیمرون ڈیاز یا پھر نکول کڈمین کو ہی لے لیں ہالی ووڈ بیوٹیز کی بڑی تعدادہاتھوں کی دلکشی بڑھانے کے لیے ڈائمنڈ بریسلٹ کا انتخاب کرتی ہے ۔