• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاتی امراء کی سیکورٹی سخت، لیگی رہنما نوازشریف سے نہ مل سکے، ملاقاتیں کل سے ہوں گی

لاہور (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز)سابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء کی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ، سیکیورٹی ناکے لگا کر عام افراد کی آمدورفت بند کردی گئی ہے، پولیس کی بھاری نفری جاتی عمرہ کے باہر موجود رہے گی، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اورمریم نواز نے جاتی امراء میں گزشتہ روز صرف قریبی عزیز و اقارب سے ملاقاتیں کیں جبکہ رہنمائوں اورکارکنوں کو جاتی امراء آنے سے روکتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ نواز شریف کل بروزہفتہ سے باضابطہ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کریں گے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گزشتہ روزاپنی اہلیہ کلثوم نواز کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔آج بروز جمعہ اپنی رہائش گاہ پر محفل میلاد کا انعقاد کریں گے۔ جمعرات کو نواز شریف نے اپنی اہلیہ کلثو نواز کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ مریم نواز‘ کیپٹن (ر) صفدر و دیگر اہل خانہ نے بھی فاتحہ خوانی کی۔ نواز شریف سے اظہار تعزیت کے لئے رشتہ د اروں اور کارکنان سے ملاقاتوں کاسلسلہ بھی جاری ہے سابق وزیراعظم نواز شریف آج بروز جمعہ جاتی امراء میں نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد یوم عاشور کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر محفل میلاد کا انعقاد کریں گے،دوسری جانب لیگی قیادت کی جانب سے رہنمائوں اور کارکنوں کو جاتی امراء آنے سے روکتے ہوئے آگاہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کچھ وقت اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ گزارنا چاہتے ہیں ۔ گزشتہ روز بھی پارٹی کے مرکزی رہنما عبد القادر بلوچ ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور دیگر پارٹی رہنما نواز شریف سے ملاقات کے لئے جاتی امراء آئے تاہم انہیں قیادت کے فیصلے کے نتیجے میں بغیر ملاقات واپس لوٹنا پڑا ۔لاہور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کارکنان بھی محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کے لئے جاتی امراء پہنچے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا ۔ مگر کارکن اندر جانے کیلئے بضد رہے اور پرجوش انداز میں نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔ اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر کارکن کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد واپس گھروں کو روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کل بروز ہفتہ پارٹی رہنمائوں سے ملاقات کے دوران 14اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات خصوصاً لاہور کے حلقہ این اے 124اور 131کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے اور انتخابی مہم کیلئے ذمہ داریاں بھی سونپیں گے ۔

تازہ ترین