• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیموں پر سیاست کرنیوالے ملک دشمن ہیں،اکانومی واچ

پشاور (خبر نگار خصوصی )پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ ڈیموں پر سیاست کرنیوالے اور اس ضمن میں چیف جسٹس کی مخلصانہ کوششوں پر تنقید کرنے والے سیاستدان پاکستان کے غریب عوام کے دشمن ہیں،جو سیاسی لوگ اور دیگر عناصر ڈیموں کی تعمیر جیسے تکنیکی معاملے کو سیاسی بنا رہے ہیں وہ دشمن ممالک کے آلہ کار ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے لوٹ مار اور غیر ضروری منصوبوں پر اربوں روپے ضائع کرنے کے علاوہ کچھ کیا ہوتا تو آج چیف جسٹس کو ڈیموں کی تعمیر کے سلسلے میں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پانی کی کمی محسوس کی جا رہی ہے جو مسلسل بڑھ کر ملک کو ریگستان بنا سکتی ہے مگر بعض عناصر اب بھی اس مسئلے کے حل کی بجائے اس پر سیاست کر کے اسے متنازعہ بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود ڈیموں کی استعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے اور اگر جلد ہی نئے ڈیموں کی تعمیر شروع نہ کی گئی تو زراعت اور صنعت تباہ ہو جائے گی اور ملک خانہ جنگی کا شکار ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی طلب اور رسد میں بڑھتا ہوا فرق تشویشناک ہے، لہٰذا سیاستدان ملکی مفاد میں اختلافات ختم کرتے ہوئے پانی کوملکی سا لمیت کاسب سے اہم معاملہ قرادیں تاکہ پانی کی کمی اور توانائی کے بحران کا کوئی مثبت حل نکالا جا سکے۔
تازہ ترین